Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی اداروں میں سعودائزیشن 22.4فیصد تک پہنچ گئی

سعودی عرب کے نجی اداروں میں 2019ءکی دوسری سہ ماہی کے اختتام تک سعودائزیشن کی مجموعی شرح 22.4فیصد تک پہنچ گئی۔ 2016 ءکے آخر میں سعودائزیشن کی شرح 18.1فیصد تھی۔ 
الاقتصادیہ کے مطابق 4اہم پیشو ںمیں سعودائزیشن کی شرح 40فیصد سے تجاوز کر گئی۔ جن پیشوں میں سعودائزیشن کی شرح 40فیصد سے بڑھ گئی ہے ان میں ایک تو ’دفتری پیشے ‘ ہیں۔ ان میں سعودائزیشن کی شرح 88.7فیصد تک ہوگئی ہے۔


دوسرا اہم پیشہ جس میں سعودائزیشن کی شرح 72.1فیصد تک پہنچ گئی ہے وہ کلیدی عہدوں کا ہے۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر حضرات اور اداروں کے ضابطہ ساز شامل ہیں۔
تیسرا اہم پیشہ جس میں سعودائزیشن کی شرح 52فیصد تک ہوگئی ہے وہ سیلز کا شعبہ ہے۔
چوتھا اہم پیشہ جس میں سعودائزیشن کی شرح 40.1فیصد ہوگئی ہے اس کا تعلق سائنسی ، تکنیکی اور انسانی شعبوں کے ماہرین سے ہے۔
الاقتصادیہ کے تجزیہ نگاروں نے سرکاری اداروں کے جاری کردہ اعدادوشمار کو سامنے رکھ کر یہ پتہ لگایا ہے کہ 2019ءکی دوسری سہ ماہی کے اختتام پر سعودی عرب کے نجی اداروں کے تمام پیشوں میں سعودی شہریوں کا پسندیدہ پیشہ دفتری امور کا ہے۔ اس میں سعودیوں کی تعداد توجہ طلب حد تک بڑھ گئی ہے۔ اس کے برعکس کھیتی باڑی ، جانوروں ، پرندوں کی افزائش اور ماہی گیری کے شعبے ایسے ہیں جن میں سعودی سب سے کم ہیں۔ ان کا تناسب 5.6فیصد کا ہے۔
تجزیے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سعودی شہری نجی ادارو ںمیں سب سے زیادہ دفتری امور کے پیشے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
اس شعبے میں کام کرنے والے سعودیوں کی تعداد 5لاکھ3ہزار 900ہے۔ یہ نجی اداروں میں کام کرنے والے کل سعودیوں کا 26.4فیصد ہیں۔
2019ءکی دوسری سہ ماہی کے اختتام پر نجی ادارو ں میں سعودی کارکنان کی مجموعی تعداد 1.91ملین ریکارڈ پر آئی تھی۔وزارت محنت و سماجی بہبود نے متعدد دفتری امور سعودیوں کے لیے مختص کردیئے ہیں۔مثلاًملازمین کا وثیقہ نویس،ادارہ روزگار کا وثیقہ نویس، ڈیوٹی ریکارڈ کرنے والا، استقبالیہ کی دفتری کارروائی کرنے والا اور ہوٹل کے استقبالیہ پر کام کرنے والا ، علاوہ ازیں مریضوں کے استقبالیہ پر دفتری کارروائی انجام دینے والا اور شکایت نویس صرف سعودی ہی ہوتے ہیں۔ کسی بھی غیر ملکی کو ان اسامیوں پر کام کرنے کی اجازت نہیں ۔
جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ کھیتی باڑی، جانوروں و پرندوں کی افزائش اورماہی گیری کے شعبوں میں سعودیوں کے لیے کوئی کشش نہیں ہے۔ سب سے کم سعودی انہی پیشوں میں ہیں۔ان میںسعودی ملازم 4 ہزار ہیں۔ یہ نجی اداروں میں کل سعودی ملازمین کا 0.2فیصد ہیں۔
نجی ادارو ں میں سعودیوں کے لیے پرکشش ملازمتوں میں سب سے زیادہ دفتری امور، دوسرے نمبر پر خدمات والے پیشے،پھر سیلز کی ملازمتیں ہیں۔
 
                   
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: