متحرک پمپس کو ازدحام والے مقامات پر نہیں لے جایا جاسکتا ۔ فوٹو ۔ سوشل میڈیا
وزارت بلدیات کی جانب سے پیٹرول اسٹیشنز کے منظور شدہ قواعد پر عمل کرتے ہوئے متحرک پیٹرول پمپ قائم کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔
مملکت کے تمام شہروں میں موبائل پیٹرول پمپس قائم کرنے کے حوالے سے پیٹرول اسٹیشنز کے امور کی نگران کمیٹی کا کہنا ہے کہ' ایسے پیٹرول پمپس مالکان جنہو ں نے متحرک پمپس کے لیے درخواست دی تھی انہیں چاہئے کہ وہ مقررہ قواعد کو مدنظر رکھیں'
مقامی نیوز ویب 'اخبار 24 ' کے مطابق نگران کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متحرک پیٹرول پمپس کے قواعد کے مطابق وضع کی جانے والی مقررہ شرائط میں سب سے اہم شرط یہ ہے کہ متحرک پیٹرول پمپس کو سرکاری کارواں کی نقل و حرکت کے مقام اور وقت پر نہیں لے جایا جائے گا علاوہ ازیں صبح اور شام کے اوقات جب سڑکوں پر ٹریفک زیادہ ہوتا ہے کے دوران بھی متحرک پمپس کو نہیں لے جایا جائے۔
متحرک پیٹرول پمپس کو عمارت کے نیچے بنی کورڈ پارکنگ میں بھی نہیں لے جایا جاسکتا ۔ زیر عمارت کورڈ پارکنگ میں حفاظتی اقدامات کے تحت متحرک پمپس کو لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔
متحرک پیٹرول پمپس کے لیے بنائے جانے والے ٹینکر مخصوص عالمی معیار کے ہونا لازمی ہیں جن میں تمام حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہو۔قوانین میں مزید کہا گیا ہے کہ متحرک پمپس کو ازدحام والے مقامات سے دور رکھا جائے۔
دریں اثناء پیٹرول اسٹیشن کی تجارت سے منسلک لوگوں کا کہنا ہے کہ متحرک پیٹرول پمپس سے انہیں کافی بچت کا امکان ہے کیونکہ اس کے لیے جگہ خریدنے یا کرایے پر لینے کے اضافی اخراجات ادا کرنے کے علاوہ بجلی کے بل کی بھی بچت ہو گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ متحرک پمپس کو ڈیمانڈ کے مطابق تیار کیا جاسکتا ہے جبکہ ری فیولنگ پمپ کا فاصلہ ٹینک سے کم از کم 20 سے 40فٹ ہوتا ہے ۔ ایک پیٹرول ٹینکر کی گنجائش 38 کیوبک میٹر رکھی جاتی ہے تاہم اس میں کمی و بیشی بھی ممکن ہے۔
متحرک پیٹرول پمپ کو کنٹینر کے علاوہ ٹرالر پر بھی سیٹ کیا جا سکتا ہے۔ مارکیٹ میں ایسے متحرک پیٹرول پمپس بھی موجود ہیں جو شمسی توانائی سے کام کرتے ہیں۔