انڈین سرمایہ کاری میں تین فیصد اضافہ ہوا ہے۔فوٹو: الوطن
سعودی عرب میں گزشتہ برس کے مقابلے میں سال رواں کے دوران انڈین سرمایہ کاری ساڑھے پانچ ارب ریال بڑ ھی ہے اور اس میں تین فیصد اضافہ ہوا ہے۔
الوطن اخبار اور سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں انڈین سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں سعودی عرب اور انڈیا کے دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں او رباہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دی جانے والی سہولتوں کی بدولت انڈین کمپنیوں اور فیکٹریوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سعودی وژن 2030 سے ہم آہنگ سرمایہ کاری بھی بڑھی ہے۔ خاص طور پر زراعت، تعلیم اور سٹیل کے شعبوں میں انڈیا نے زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔
دوسری جانب انڈیا میں بھی سعودی سرمایہ کاری گزشتہ برس کے مقابلے میں چھ فیصد زیادہ ہوئی ہے۔
انڈین قونصلیٹ نے الوطن اخبار کو بتایا ’ انڈیا سعودی مارکیٹ میں اپنے قدم جمانے کے لیے متعددسکیمیں تیار کیے ہوئے ہے‘۔
نئی دہلی سعودی عرب کو طاقتور ترین سٹراٹیجک شریک سمجھتا ہے۔ جلد سعودی عرب میں انڈین نمائشیں ہوں گی۔ انڈین کمپنیوں اور فیکٹریوں کی مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی‘۔
انڈین قونصلیٹ کے مطابق انڈیا کے ہسپتالوں میں سعودی شہری بڑی تعداد میں علاج کے لیے جارہے ہیں۔ علاج معالجے کی سیاحت کا تناسب بڑھ رہا ہے۔
الاحسا میں انڈین کیٹلاگ نمائش کے دوران انڈیا کی دو سو کمپنیو ںکا تعارف کرایا گیا ہے۔