تین عشرے قبل مصریوں کی تعداد 57 ملین تھی۔ فوٹو الاقتصادیہ
مصر کے محکمہ شماریات کے مطابق ملک کی آبادی سو ملین سے تجاوز کر گئی۔ مصر عرب دنیا میں سب سے زیادہ گھنی آبادی والا ملک ہے۔ براعظم افریقہ میں گھنی آبادی کے لحاظ سے مصر کا نمبر تیسرا ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق مصر کے محکمہ شماریات کے سربراہ میجر جنرل خیرت برکات نے بتایا ’ 2019 کے دوران مصر میں آبادی بڑی تیزی سے بڑھی ہے ۔216 دن کے دوران آبادی میں 10لاکھ کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔
مصر نے 2017 میں مردم شماری کی تھی ۔ اس وقت ملک کی آبادی 95 ملین پائی گئی تھی۔ تین عشرے قبل مصریوں کی تعداد 57 ملین تھی۔مصر کی آبادی میں اضافہ ایسے ماحول میں ہورہا ہے جبکہ صدر عبدالفتاح السیسی نے بڑھتی ہوئی آبادی کو ملک کا اہم چیلنج قرار دے رکھا ہے۔ مصری صدرایک سے زیادہ مرتبہ عوام سے خاندانی منصوبہ بندی کے لیے اپیل کرچکے ہیں۔
وزیراعظم مصطفی مدبولی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ’ آبادی میں اضافے کی شرح کو کنٹرول کرنا قومی سلامتی کا مسئلہ ہے‘۔