Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کمنٹری پنجابی میں ہو تو مزہ آ جائے‘

شائقین کرکٹ نے خواہش ظاہر کی ہے کہ پی ایس ایل کی کمنٹری بھی پنجابی میں کی جائے (فوٹو:سوشل میڈیا)
پاکستان اور انڈیا کے درمیان لاہور کے پنجاب سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے کبڈی ورلڈ کپ میچز میں پنجابی زبان میں کمنٹری نے کھلاڑیوں اور شائقین کو کافی محظوظ کیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آرہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز کی کمنٹری بھی پنجابی میں ہی کی جائے۔
ہوا کچھ یوں کہ کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران پاکستانی کرکٹر وہاب ریاض نے ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے پنجابی زبان میں کمنٹری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا کسی اور کو بھی پنجابی کمنٹری اچھی لگ رہی ہے؟ پی ایس ایل میں بھی یہی ہونی چاہیے۔‘
وہاب ریاض کی اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی اپنی رائے دینے لگے۔
احسان علی ظفر نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 60 فیصد پاکستانی پنجابی بولتے ہیں لہٰذا پنجابی کمنٹری ہونی چاہیے۔‘
ایک اور صارف چوہدری محمد شمس نے بھی وہاب ریاض کی تجویز کی حمایت میں پنجابی زبان میں ہی تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پنجابی پنجابیوں کی شان ہے، پنجابی میں بات کرنے کا مزہ ہی الگ ہے، کمنٹری میں تو اور بھی مزہ آجائے گا۔‘
ایک اور صارف تنزیل الرحمان نے پنجابی میں ہی لکھا کہ ’جو مزہ پنجابی زبان میں ہے وہ کسی اور زبان میں نہیں۔‘
جہاں کچھ صارفین نے وہاب ریاض  کے خیال سے اتفاق کیا وہیں کچھ کو یہ آئیڈیا بالکل بھی نہیں بھایا۔
ضیغم سرفراز نامی صارف نے لکھا کہ ’مجھے یہ تجویز بالکل پسند نہیں آئی، یہاں تک کہ کبڈی میں بھی۔ پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے، صوبائی نہیں۔‘
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے یہ اعتراض بھی کیا کہ صرف پنجابی ہی کیوں؟ دوسری زبانوں میں بھی کمنٹری ہونی چاہیے۔ 
طیب آرائیں نامی صارف نے وہاب ریاض کی اس تجویز کو نہ صرف پسند کیا بلکہ پنجابی میں کمنٹری بھی کر ڈالی۔ انہوں نے لکھا کہ ’وکٹ لین لئی اے وہاب پا جی نے کڈی سوہنی بال کرائی۔‘

 

شیئر: