سعودی وژن 2030 کے مطابق عازمین حج اور معتمرین کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
مکہ کی بلدیہ کے سیکریٹری جنرل انجینیئر محمد القویحص کے مطابق بلدیہ کی جانب سے مکہ مکرمہ کو دنیا کے 10 بہترین شہرو ں میں شامل کیے جانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
بلدیہ کے سیکریٹری جنرل مکہ میں ماحولیات کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔
سعودی عرب کے روزنامے ’مکہ‘ کے مطابق سیمینار میں مختلف شہروں کے ماحولیاتی تجزیے اور صحت کے حوالے سے مقالے پیش کیے گئے جس میں مطلوبہ معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے بہترین شہروں کی درجہ بندی کی گئی ہے۔
انجینیئر محمد القویحص نے کہا ’مکہ مکرمہ کا شمار عالمی سطح پر پہلے نمبر پر کیا جاتا ہے، جہاں حج اور عمرے پر سب سے زیادہ لوگ ہوتے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہی وقت میں اتنی بڑی تعداد میں افراد کسی اور شہر میں جمع نہیں ہوتے۔
مکہ بلدیہ کی جانب سے اس بات کا پختہ ارادہ ظاہر کیا گیا کہ علمی نوعیت کا سیمینار منعقد کیا جائے جس میں مکہ مکرمہ کودنیا کے دس بہترین شہروں میں شامل کیے جانے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔
محمد القویحص کا کہنا تھا کہ سعودی وژن 2030 کو مد نظر رکھتے ہوئے عازمین حج اور عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار میں بہتری لانے کے لیے امکانات پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی وژن 2030 کے مطابق عازمین حج اور معتمرین کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔ اس حوالے سے سعودی عرب کے تمام ادارے جن میں وزارت حج، محکمہ پاسپورٹ، ٹرانسپورٹ سنڈیکیٹ، ہوٹلنگ سیکٹر کے علاوہ نجی شعبوں کی خدمات کے معیار کو بہتربنانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔