سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’ایران جانے کی رپورٹ کرنے والوں میں 26 افراد ملک کے اندر موجود ہیں، 95 تاحال ایران میں ہیں جبکہ 7 شہری ایسے ہیں جو اس وقت دوسرے ممالک گیے ہوئے ہیں‘۔
واضح رہے کہ ایران کا غیر قانونی سفر کرنے والوں کو سعودی حکومت نے رپورٹ کرنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی تھی۔
اگر سعودی شہری 48 گھنٹے کے اندر ایران کے سفر کی رپورٹ دے دیتے ہیں تو انہیں ’سفری دستاویز قانون‘ کی خلاف ورزی پر سزا نہیں دی جائے گی۔
جمعرات کو سعودی حکومتی عہدیدار نے ایران کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’کورونا کی وبا کے باوجود ایران نے سعودی شہریوں کے پاسپورٹ پر بغیر سٹیمپ لگائے جانے دیا‘۔
وزارت صحت نے ایران جانے کی رپورٹ کرنے والے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اپنی، گھر والوں کی اور دوسرے لوگوں کی سلامتی کے لیے ایران جانے والوں کو مہلت سے فائدہ اٹھانا چاہیے‘
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’ایران کا سفر کرنے والوں کو رپورٹ کرنے کے لیے دی جانے والی مہلت آج ہفتہ کو ختم ہوجائے گی‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے 2016 میں ایران کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے۔