Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے دو ہلاکتیں

صوبائی وزیر صحت نے ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ مردان میں سامنے آنے والے مریض کی ہلاکت ہوئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے دو ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
بدھ کی رات خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ صوبے میں کورونا سے دو افراد کی موت ہوئی ہے۔
قبل ازیں انہوں نے پہلی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’افسوس ناک اطلاع ہے کہ مردان والے مریض کی موت ہو گئی ہے۔‘
 وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی بدھ کی رات اپنی ٹویٹ میں تصدیق کی تھی کہ ’پاکستان میں کورونا سے پہلا مریض ہلاک ہو گیا ہے۔‘
’مردان کے رہائشی 50 سالہ شخص نے حال ہی میں غیر ملکی سفر کیا تھا، انہیں بخار کے ساتھ کھانسی اور سانس لینے میں مشکل پیش آ رہی تھی، ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، ان کے خاندان کے قریبی افراد کی بھی سکریننگ کی جا رہی ہے۔‘مزید پڑھیں
تیمور خان جھگڑا نے بتایا کہ کورونا سے دوسری ہلاکت پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ہوئی۔ ان کے مطابق 36 سالہ مریض کا تعلق ہنگو سے تھا۔
واضح رہے کہ بدھ کو تیمور جھگڑا نے بتایا تھا کہ صوبے میں نئے کیسز بونیر، ہنگو اور مردان سے سامنے آئے ہیں۔ تینوں مریضوں کا پروٹوکول کے مطابق علاج جاری ہے اور تینوں نے بین الاقوامی سفر کیا تھا۔ جھگڑا کے مطابق ان کیسز کے ساتھ صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 19 ہو گئی ہے۔
تیمور خان جھگڑا نے مقامی نیوز چینل پر بھی مردان میں کورونا سے ہلاکت کی تصدیق کی اور بتایا کہ مریض آٹھ مارچ کو پاکستان پہنچا تھا اور گذشتہ روز کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
بدھ کی رات انہوں نے ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ مردان میں سامنے آنے والے کورونا کے مریض کی ہلاکت ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 270 سے تجاوز کر گئی ہے۔
بدھ کی شام سندھ حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق صوبے میں کورونا کے متاثرین کی کل تعداد 208 ہو گئی ہے۔ سکھر میں 151 اور کراچی میں 56 جبکہ حیدر آباد میں ایک مریض ہے۔
قبل ازیں وزیرِاعلیٰ سندھ کے معاون مرتضیٰ وہاب نے بدھ کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ سکھر میں اب تک 290 زائرین کا ٹیسٹ کیا گیا ہے جس میں 143 افراد میں اس مرض کی تشخیص ہوئی جبکہ 147 افراد کے رزلٹ منفی آئے۔

شیئر: