Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماسک بنانا سیکھنا ہے تو انڈین ویمن ٹیم کی کپتان سے سیکھیے

ہرمن پریت آل راؤنڈر اور ٹی 20 ٹیم کی کپتان ہیں (فوٹو: دی کونٹ)
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان اور انڈیا سمیت دنیا کے کئی ممالک میں لاک ڈاؤن ہے۔ ایسے میں شوبز اور کھیلوں کے میدان کے ستارے اپنی سرگرمیاں سوشل میڈیا پر شئیر کرتے نظر آ رہے ہیں۔
لاک ڈاؤن میں کوئی کتابیں پڑھ رہا ہے تو کوئی گھر کی صفائی ستھرائی کر کے اپنے وقت کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
لیکن انڈیا کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے وقت گزارنے کے لیے ایک انوکھے کام کا انتخاب کیا ہے۔ آل راونڈر ہرمن پریت کرکٹ کے ساتھ ساتھ سلائی میں بھی کافی مہارت رکھتی ہیں۔ اس بات کا اندازہ ان کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونی والی ویڈیو سے لگایا جا سکتا ہے۔
ٹوئٹر ہینڈل ایلے سے شئیر ہونی والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرمن سلائی مشین رکھ کر بیٹھی ہوئی ہیں اور سوشل میڈیا صارفین کو ماسک بنانا سکھا رہی ہیں۔
ویڈیو کی کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ 'آپ نے ہرمن پریت کو کھیل کے میدان میں تو دیکھا ہوگا لیکن آپ نے ان کا یہ انداز کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔'
ویڈیو کے سوشل میڈیا پر آتے ہی ان کے مداح ان کا نیا انداز دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور ان کے اس کام کو سراہا۔
ٹوئٹر صارف رشمتبھا نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’کیا سے کیا ہو گئے دیکھتے دیکھتے‘ اور بعد میں لکھا کہ 'آپ کی والدہ آپ کو یہ کام کرتا دیکھ کر بہت فخر محسوس کریں گی۔'

پاول سنگھ نے لکھا 'واہ کیا بات ہے ویمن ٹیم کی کپتان کو سلائی بھی کیا خوب آتی ہے۔'

ایک اور ٹوئٹر صارف میکش دھکا نے لکھا کہ آپ کا عام اندازِ زندگی دیکھ کر بہت اچھا لگا۔

گذشتہ کچھ دنوں سے ٹوئٹر ہینڈل ایلے سے لاک ڈاون کے دوران مختلف اداکاروں کی مصروفیات کی ویڈیوز بھی شئیر کی جا رہی ہیں جن میں بالی وڈ اداکارہ دیپکا پادوکون بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل کاویا رہن کی گانا گاتے ہوئے ویڈیو بھی اسی اکاونٹ سے شئیر کی گئی جسے سوشل میڈیا صارفین نے بہت پسند کیا۔ اس ویڈیو میں انہوں نے وہ گانا سنایا جو انہوں نے اپنے بچپن میں لکھا تھا۔

شیئر: