Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماسک اور دستانے کیسے تلف کریں

عام طورپر لوگ استعمال شدہ دستانے سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں(فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے مرکزی ترجمان ڈاکٹرمحمد العبدالعالی نے یادہانی کرائی ہے کہ’کورونا سے بچاو کےلیے استعمال کیے جانے والے دستانے اور ماسک کو درست طریقے سے تلف کیاجائے‘۔
کورونا کے حوالے سے یومیہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ترجمان صحت نے  کہا کہ عام طورپر لوگ استعمال شدہ دستانے اور طبی ماسک سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں جو انتہائی غلط ہے ایسا نہ ہوکہ ہم ایک جانب سے لوگوں کو اس وائرس سے محفوظ کریں اور دوسری طرف معمولی سے بے احتیاطی مرض کے پھیلنے کا باعث بن جائے۔
 ویب نیوز ’سبق‘ نے ترجمان صحت کے حوالے سے بتایا کہ ان دنوں جبکہ لوگوں میں دستانے اور ماسک کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ یہ دیکھا گیاہے کہ لوگ انہیں استعمال کرکے بے دہانی سے سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں جس سے ان میں لگے ہوئے جراثیم دیگر لوگوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
ڈاکٹر عبدالعالی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’بنیادی طور پر دستانے اور طبی ماسک ان لوگوں کے لیے ضروری ہیں جو بیمار ہیں یا وہ افراد جو امور صحت کے شعبے سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ صحت مند حالت میں ان کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ترجمان صحت نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’دستانے اورماسک بیماروں ، طبی عملے کے علاوہ وہ افراد استعمال کریں جو مریضوں کی دیکھ بھال گھروں پرکررہے ہیں ۔ان اشیا کے استعمال کا مقصد ان لوگوں کو محفوظ کرنا ہے جو بیماروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

دستانے بعض حالت میں نقصان دہ بھی ہوجاتے ہیں(فوٹو عاجل)

دریں اثنا متعدی بیماری کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ دستانے بعض حالت میں نقصان دہ بھی ہوجاتے ہیں اگر انکا درست استعمال نہ کیا جائے۔خاص کر اس وقت جب دستانے غلط طریقے سے اتارے جائیں ۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دستانے اتارنے کےلیے ہمیشہ سیدھے ہاتھ کی انگلیوں سے الٹے ہاتھ پر پہنے ہوئے دستانے کو درمیان یعنی ہتھیلی سے پکڑیں اور اسے انگلیوں کی جانب لے جاکر سیدھے ہاتھ جس میں دستانہ پہنا ہوا ہے کی ہتھیلی میں جمع کردیں ۔
بعدازاں الٹے ہاتھ کی دو انگلیوں کو سیدھے ہاتھ کی کلائی جہاں دستانے کا سرا ہے کے اندر ڈالیں اور اسے رول کرتے ہوئے الٹی سمت سے باہر نکال لیں۔
اس طریقے سے جراثیموں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔دستانے اتارنے کے بعد انہیں ڈسٹ بن میں پھینکیں ۔

شیئر: