Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں شادیوں کے لیے آن لائن سروس

آن لائن سروس کے بعد اب جوڑوں کو عدالتوں میں جانے کی ضرورت نہیں (فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی تقریب منعقد کرنے کے لیے آن لائن سروس کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ نوجوان جوڑے کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھ سکیں۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام‘ نے  اماراتی وزارت برائے انصاف کے حوالے سے کہا ہے کہ شہری آن لائن سسٹم کے ذریعے شادی کی تاریخ لیں گے اور ضروری کاغذات متعلقہ ادارے کے پاس جمع کروائیں گے، جس کے بعد ویڈیو لنک کے ذریعے جوڑے کا نکاح پڑھوایا جائے گا۔
نکاح خواں جوڑے کی جانب سے جمع کروائے گئے کاغذات کے مطابق جوڑے اور گواہوں کی شناخت کی تصدیق  کریں گے۔ نکاح  کی آن لائن تقریب کے بعد خصوصی عدالت نئے شادی شدہ جوڑے کو سرٹیفیکٹ جاری کر دے گی، جس کی تصدیق موبائل پر بھیجے گئے میسج سے ہو جاتی ہے۔
اماراتی سرکاری ایجنسی کے مطابق آن لائن سروس کا مقصد شہریوں کی ذہنی صحت کو برقرار رکھنا اور عدالتوں میں کم سے کم اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنانا ہے۔
بدھ کے روز دبئی میں شادی کی تقریب اور طلاق سے متعلقہ قانونی کاروائیاں معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جس کے بعد شادی کے لیے تو آن لائن سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے لیکن طلاق کے معاملات سے نمٹنے کے لیے کوئی لائحہ عمل واضح نہیں کیا گیا۔

 عرب امارات میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا  جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

عرب امارات نے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے سخت حفاطتی تدابیر اپنائی ہیں۔ شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر سخت پابندی ہے۔ دبئی میں بھی تمام مالز، سکول، دفاتر اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ صرف غذا یا دوائیوں کے پیشے سے منسلق افراد کو گھروں سے نکلنے کی اجازت ہے۔
امارات میں اب تک ساڑھے تین ہزار سے زائد کورونا کے مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں.

شیئر: