مقررہ کمیٹی کی جانب سےیوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی بھی کی گئی (فوٹو، عاجل نیوز)
ریاض میں کورونا وائرس کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں کی دیکھ بھال اور انہیں ضروریات زندگی مہیا کرنے کا سلسلسہ جاری ہے. فلاحی کمیٹی کے 24 ہزار رضاکاروں کے ذریعے ایک لاکھ 22 ہزار راشن پیکٹس اب تک تقسیم کیے جا چکے ہیں.
فلاحی کمیٹی مختلف رضاکار تنظیموں کے تعاون سے ریاض اور اس سے محلقہ آبادیوں میں ضرورت مندوں کی مدد میں سرگرم عمل ہے۔
ماہ رمضان کے دوران کمیٹی کی جانب سے 5 لاکھ 19 ہزار ریال کے افطار پیکٹس تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ 63 ہزار ریال کے مساوی طبی امداد کی فراہمی کے علاوہ 3 لاکھ 35 ہزار ریال کے سروسز بلز ادا کیے جا چکے ہیں.
وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر یوسف السیالی نے ویب نیوز’عاجل‘ کو بتایا کہ اب تک 5 لاکھ 94 ہزار 224 افراد کو جو موجودہ حالات سے متاثر تھے امداد فراہم کی جا چکی ہے.
ڈاکٹر السیالی نے وزارت کے ساتھ تعاون کرنے پر مختلف فاسٹ فوڈ اور دیگر ریسٹورنٹس کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی جانب سے وزارت کے ساتھ بھرپور اور مثالی تعاون کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے ضرورت مندوں کو رمضان میں کرفیو کے دوران اشیائے خورونوش ان کے گھروں میں مہیا کی جا رہی ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں جو ہم سے تعاون کے خواہاں ہیں ہم حاضر ہیں تاکہ مزید ضرورت مند افراد کی مدد کے وسیع مواقع پیدا کیے جا سکیں.
واضح رہے ریاض میں وزارت سماجی بہبود آبادی کی جانب سے قائم کی جانے والی امدادی کمیٹی مختلف فلاحی تنظیموں کے تعاون و اشتراک سے ضرورت مند خواہ وہ مقامی ہوں یا غیر ملکی، کی امداد کے لیے قائم کی گئی ہے جس کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر السیالی ہیں.
بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ریاض گورنریٹ کے علاوہ دیگر فلاحی تنظیموں کے ارکان بھی شامل ہیں جن کی مشاروت سے بڑے پیمانے پر ضرورت مند خاندانوں کی امداد کا سلسلہ جاری ہے.