Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی علاقوں میں بارش اور گرد آلود ہوائیں

سعودی عرب میں جازان سمیت سات علاقوں میں جمعے کو بارش سے سڑکیں زیرآگئیں.
ماہرین موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ کل ہفتے تک جاری رہے گا. کئی مقامات پر بوندا باندی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہورہی ہے. ژالہ باری کا سلسلہ بھی جاری ہے.
عاجل ویب سائٹ کے مطابق باحہ، عسیر، جازان، نجران، حائل، الربع الخالی کے علاوہ پڑوسی ممالک کویت’ متحدہ عرب امارات، سلطنت عمان اور یمن بھی بارش کی زد میں ہیں.
مدینہ منورہ اور تبوک میں گرد آلود ہواؤں نے حد نظر محدود کررکھی ہے. مدینہ ریجن کی متعدد کمشنریاں مثلا العلا، المھد اور الحناکیہ اس کی زد میں ہیں.

کئی کمشنریوں میں گرد آلود ہواؤں کے بعد مطلع ابر آلود ہے.(فوٹو عاجل)

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا تھا کہ جمعہ کو قصیم، ریاض، الشرقیہ، نجران، جازان، عسیر، باحہ، الجوف اور حدود شمالیہ میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور بارش ہوگی.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جمعہ کو جازان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی. شہری دفاع  کے اہلکاروں نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تاکید کی کہ وہ نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور وادیوں سے گزرنے سے گریز کریں.
باحہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پورے علاقے میں موسم غیرمستحکم ہے- کئی کمشنریوں میں گرد آلود ہواؤں کے بعد پورا مطلع ابر آلود نظر آرہاہے.
مکہ مکرمہ ریجن کی کئی کمشنریوں اللیث، القنفذہ اور بحرہ میں گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہے.
ایس پی اے کے مطابق تبوک ریجن کی البداع، الوجہ، املج، حقل اور ضبا کمشنریوں میں گرد آلود ہواؤں سے مقامی شہری اور مقیم غیرملکیوں کو مشکلات کا سامنا ہے. قریب کے مناظر بھی دھندلا گئے ہیں.
ریاض کا موسم ابر آلود ہے. گرج چمک کے ساتھ بارش کے قوی امکانات ہیں.

شیئر: