پارسل میں تاخیر پر کوریئر کمپنی معطل
شکایات دور نہ کیں تو لائسنس ضبط کرلیا جائے گا(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے سمسا ایکسپریس کو پارسل کی ترسیل میں تاخیر پر معطل کردیا.
الوطن اخبار کے مطابق کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے کہا ہے کہ جوپوسٹل سروس پارسل کی ترسیل میں گڑبڑ کرے گی مقررہ وقت پر پہنچانے میں ٹال مٹول سے کام لے گی اور صارفین کوغلط اطلاع دے کر گمراہ کرنے کی کوشش کرے گی اسے معطل کردیا جائے گا.
کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے مزید کہا کہ سمسا ایکسپریس پر پوسٹل سروس کے لیے پابندی لگادی گئی ہے. صارفین سے تا اطلاع ثانی سروسز کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہ کرے اور نہ ہی تجارتی اداروں سے ترسیل کے معاہدے کیے جائیں.
کمیشن نے سمسا ایکسپریس کمپنی کو حکم دیا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپنا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک اور صارفین کی شکایات دور کرے.
کمیشن نےاس حوالے سے سمسا کو مہلت دی ہے اور تنبیہ کی ہے کہ اگر اس نے مہلت کے دوران صارفین کی شکایات دور نہ کیں اور اپنا بنیادی ڈھانچہ درست نہ کیا تو اس کا لائسنس ضبط کرلیا جائے گا اور تمام اداروں کے سامنے نتائج کی ذمہ دار بھی وہ خود ہوگی.
-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں