ایران میں فرانسیسی خاتون سکالر کو 6 برس قید کی سزا
وکیل کا کہنا ہے کہ فاریبہ عادل خواہ فیصلے کے خلاف اپیل کریں گی (فوٹو: اے ایف پی)
ایران نے ایرانی نژاد فرانسیسی خاتون سکالر فاریبہ عادل خواہ کو قومی سلامتی کے منافی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں پانچ جبکہ ایک اور مقدمے میں ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔
فاریبہ عادل خواہ کے وکیل نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ان کی موکلہ کو قومی سلامتی کے خلاف معلومات اکٹھی کرنے اور سازش کرنے کے الزام میں پانچ سال جبکہ ایران کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے الزام میں ایک سال سزا سنائی گئی ہے۔
وکیل سید دہگان کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ فاریبہ عادل خواہ کی دونوں سزائیں ساتھ ساتھ چلیں گی اور سزا کا کل دورانیہ پانچ برس ہوگا۔ وکیل کے بقول ان کی موکلہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ فاریبہ عادل خواہ کو گذشتہ برس جولائی میں ایرانی حکومت نے گرفتار کیا تھا اور ان کی گرفتاری پر فرانس کے صدر ایمانوائیل میخواں نے سخت تشویش کا اظہار کیا تھا۔
60 سالہ ایرانی نژاد فرانسیسی خاتون سکالر فاریبہ عادل خواہ ماہر بشریات ہیں۔