Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'باہر نکلنے والوں کی وجہ سے نئے کیسز سامنے آرہے'

امریکی ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے کہا ہے کہ نیویارک میں  نئے کورونا وائرس کے کیسز ایسے افراد میں سامنے آ رہے ہیں جو خریداری، ورزش یا ضروری کام کے لیے گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔
نیویارک  میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہوا اور ہسپتال گیا یا گھر گیا تو اس سے مزید لوگ متاثر ہوئے۔‘
گورنر اینڈریو کیومو کے مطابق گذشتہ ہفتے ان کا اندازہ تھا کہ کورونا وائرس کے نئے کیسز ’ضروری عملے‘ کی وجہ سے سامنے آرہے ہیں۔
’تاہم  اب ڈیٹا سے یہ ثابت ہوا کہ انفیکشن کی شرح عام آبادی کے مقابلے میں ’ ضروری عملے‘ کے افراد میں کم ہے۔ اور نئے کیسز ان لوگوں کی وجہ سے آئے ہیں جو گھروں میں ہیں اور کام نہیں کر رہے۔‘
نیویارک کے گورنر کے مطابق ایسے کارکنان کی خدمات لی جا رہی ہیں جو کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا سراغ لگا سکیں۔
امریکہ میں نیویارک سٹیٹ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 68 سے زیادہ ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 88 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے نیویارک زیادہ متاثر ہوا ہے۔ (فوٹو: اےا یف پی)

دوسری جانب سابق امریکی صدر باراک اوباما نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی حکمت عملی کے حوالے سے حکمرانوں پر تنقید کی ہے۔
ہائی سکول اور یونیورسٹی کے طلبہ سے ورچول خطاب میں سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ملک کے اعلیٰ حکام یہ ظاہر بھی نہیں کر رہے کہ وہ کچھ کر رہے ہیں۔
اس ورچول خطاب میں کورونا وائرس کے مضمرات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا ’ کسی بھی چیزسے  بڑھ کر اس وبا نے اس چیز کا پردہ چاک کر دیا ہے کہ اعلیٰ عہدوں پر موجود حکام جانتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔‘
جنوری 2017 میں عہدہ چھوڑنے کے بعد صدر اوباما نے کم ہی بیانات دیے ہیں۔ گو کہ انہوں نے صدر ٹرمپ سمیت کسی کا نام نہیں لیا تاہم ان کی تنقید کو ٹرمپ پر سخت تنقید کے طور پر لیا جا رہا ہے۔
 

نیویارک کے گورنر نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نئے کیسز میں اضافہ ضروری عملے کی وجہ سے ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 46 لاکھ 36 ہزار 173 ہوگئی ہے۔ اب تک اس وبا سے تین لاکھ 11 ہزار 827 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
روس میں دو لاکھ 72 ہزار، برطانیہ میں دو لاکھ 41 ہزار، برازیل میں دو لاکھ 33 ہزار، سپین میں دو لاکھ 30 ہزار اور اٹلی میں بھی  دو لاکھ 24 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
فرانس میں ایک لاکھ 79 ہزار، جرمنی میں ایک لاکھ 75 ہزار ، ترکی ایک لاکھ 48 ہزار، ایران میں ایک لاکھ 18 ہزار  اور انڈیا میں 90 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
چین، جہاں سے کورونا وائرس سامنے آیا تھا، 84 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

شیئر: