کورونا سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کےلیے کرفیو نافذ کیا گیا(فوٹو، سوشل میڈیا)
قانون نافذکرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے سعود ی کو کرفیو پاس کا غیر قانونی استعمال کرنے پرگرفتار کرلیا۔
ملزم نے سوشل میڈیا پر وڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں اس نے دکھایا تھا کہ وہ کرفیو کے دوران نجی امور بھی انجام دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہونے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے اسے تلاش کر کے گرفتار کرلیا۔ ملزم کے خلاف کرفیو پاس کے غیر قانونی استعمال کا مقدمہ درج کرکے اسے پراسیکیوشن جنرل کے ادارے کے حوالے کر دیا گیا جہاں اس پر باقاعدہ مقدمہ چلایاجائے گا۔
واضح رہے مملکت میں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا ہے جس کی خلاف ورزی پر کم از کم 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔
کرفیو پاس جن ادارے کے اہلکاروں کو جاری کیاجاتا ہے اس میں ڈیوٹی کا دورانیہ ، رہائش اور دفتر کا علاقہ درج ہوتا ہے جبکہ پاس استعمال کرنے کے دن اور اوقات کی بھی وضاحت کی جاتی ہے۔
مقررہ اوقات کے علاوہ کرفیو پاس استعمال کرنا خلاف قانون شمار ہوتا ہے ایسا کرنےوالوں کو بھی کرفیو کی خلاف ورزی کی سزا دی جاتی ہے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے متنبہ کیا ہے کہ جن افراد کو کرفیو پاس جاری کیاجاتا ہے اگر وہ اس کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں تو انہیں سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جن کے کام کی نوعیت ایسی نہیں کہ انہیں کرفیو پاس جاری کیاجائے ایسے افراد کے لیے کرفیو پاس جاری کرانے پر بھی قید اور جرمانے کی سزا ہوتی ہے۔
ایسے افراد جو غیر ضروری لوگوں کےلیے کرفیو پاس جاری کراتے ہیں انہیں 10 ہزار سے ایک لاکھ ریال تک جرمانہ اور ایک ماہ سے ایک برس تک قید کی سزا یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکتی ہیں۔