Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ سعودی معیشت میں بجٹ خسارہ پورا کرنے کی صلاحیت ‘

وزیرخزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی معیشت مستحکم ہے(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ دنیا بھر کو نئے کورونا وائرس کی وبا کا سامنا ہے جس کی وجہ سے بے پناہ معاشی مسائل پیدا ہو رہے ہیں تاہم سعودی عرب کی معیشت مستحکم ہے .ہم اس وبا سے پیدا ہونے والے بحران سے بخوبی نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں.
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر خزانہ نے عید الفطر کے موقع پر جاری بیان میں کہا کہ’ عید الفطر کے بابرکت موقع پر ہم ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کو اس وبائی مرض کا سامنا ہے. ان حالات میں دنیا بھر کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے تاہم سعودی حکومت نے اس وبا کا سامنا انتہائی حوصلہ اورتدبر سے کیا ،
حکومت کے نزدیک اولین ترجیح شہریوں اور مقیمین کی سلامتی ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کےلیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی‘۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا ’موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت کو ترجیح دینے کے ساتھ معاشی مسائل پر بھی بخوبی قابو پانے کےلیے مثالی اقدامات کرتے ہوئے معاشی طور پر متاثر ہونے والوں کی ریلیف پیکج کا اعلان کیا تاکہ انہیں ان مشکل حالات سے نکالا جاسکے‘۔
الجدعان کے مطابق امدادی پیکج کا بنیادی مقصد پرائیوٹ سیکٹر کی مدد کرتےہوئے وہاں سعودی ملازمین کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انسورنس سکیم کا اعلان کیا گیا تاکہ متاثر ہونےوالا نجی شعبہ اپنے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ نہ کرے.ایوان شاہی سے جاری ہونے والے امدادی پیکج کی وجہ سے نیشنل سوشل سیکیورٹی کی جانب سے ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی خصوصی فنڈ سے کی گئی‘۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ ’مملکت کی معیشت آمدنی میں کمی اور بجٹ خسارے کو پورا کرنے کی بھر پورصلاحیت کی حامل ہے.
 انہوں نے مزید کہا رواں برس کے اوائل سے ہی اگرچہ آمدنی میں بڑی حدتک کمی واقع ہوئی جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے علاوہ دیگر اسباب بھی ہیں تاہم حکومت کی ترجیح موجودہ حالات میں کورونا کی وبا سے نمٹنا ہے‘۔
وزیر خزانہ نے کہا ’ کورونا کے موجودہ حالات میں مملکت نے عالمی سطح پربھی انتہائی ذمہ داری کا ثبوت دیتےہوئے جی 20 کے غیر معمولی سربراہ اجلاس جو کہ سعودی عرب کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا میں مملکت کی جانب سے اس وبا سے نمٹنے کےلیے 7 ٹریلین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا جو کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس سے دنیا کو بچا نے کے لیے فنڈ میں استعمال ہوگاعلاوہ ازیں کورونا وائرس کی دوا کےلیے بھی مملکت نے 8 ارب ڈالر کی خطیر رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: