Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں مالز اور تجارتی مراکز کھل گئے

 70 فیصد تک کاروبار دیکھنے میں آیا ہے.(فوٹو اے ایف پی)
دبئی میں بدھ 27 مئی  سے تجارتی اور اقتصادی مراکز کھل گئے جہاں 70 فیصد تک کاروبار دیکھنے میں آیا ہے.
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ اقتصاد نے حکمنامہ جاری کرکے ہدایت  کی تھی کہ تجارتی اور اقتصادی مراکز ابتدا میں 70 فیصد سے زیادہ ملازمین کو ڈیوٹی پر نہ بلائیں اور تجارتی و اقتصادی مراکز کا  70 فیصد حصہ ہی استعمال میں لائیں.
دبئی محکمہ اقتصاد نے مزید کہا کہ  شاپنگ سینٹرز اور ریٹیل کے دکاندار اپنی سہولت کو دیکھ کر کاروبار کے لیے وقت کا انتخاب کریں.

 ریستورانوں کو بھی کاروبار کی اجازت دی گئی ہے(فوٹو اے ایف پی)

صبح  6 بجے سے رات 10 تک کےدوران کسی بھی وقت تجارتی مراکز اور ریٹیل کی دکانیں کھول سکتے ہیں البتہ شاپنگ سینٹرز کی 30 فیصد پارکنگ مستقل بنیادوں پر بند رکھنا ہوگی.
دبئی محکمہ اقتصاد نے کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں اور ریستورانوں کو کاروبار کی اجازت دی ہے البتہ انہیں  مسلسل صفائی، سینیٹائزنگ اور سماجی فاصلے کا پابند بھی بنادیا ہے.
محکمے نے حکم دیا ہے کہ ریستورانوں میں ٹیبلوں کے درمیان فاصلہ دو میٹر کا رکھا جائے. ایک ٹیبل سے دوسرے ٹیبل کے درمیان پارٹیشن بنایا جائے اور ہوم ڈلیوری سروس کو ترجیح دی جائے.

شاپنگ سینٹرز کو 30 فیصد پارکنگ مستقل بنیادوں پر بند رکھنا ہوگی.(فوٹو ایے ایف پی)

یاد رہے کہ اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حاکم اعلی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ملک میں قدرتی آفات اور بحرانوں کی اعلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا تھا.
 فیصلے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ  تمام سرکاری محکموں اور قانون نافذ کرنے والے  ادارے مختلف اقتصادی سرگرمیوں، بازاروں اور اداروں سے حفاظتی تدابیر کی پابندی کرائیں.
یاد رہے کہ صبح  6 بجے سے رات 10 تک اقتصادی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے جبکہ  رات گیارہ سے صبح چھ بجے تک پابندیاں برقرار رہیں گی.

شیئر: