Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بخار چیک کرنے والا سمارٹ ہیلمٹ

ایک منٹ میں 5 میٹردوری سے 200 افراد کا درجہ حرارت نوٹ کیا جا سکتا ہے (فوٹو: سبق)
 سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں بلدیہ کی جانب سے کورونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مزید پیش رفت کرتے ہوئے اہلکاروں کو خصوصی ہیلمٹس فراہم کیے گئے ہیں جو لوگوں کے جسمانی درجہ حرارت کو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مقای ویب نیوز ’عاجل‘ نے مشرقی ریجن کی بلدیہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ریجن میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اہلکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ خصوصی ہیلمٹ فراہم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے 5 میٹر کی دوری سے کسی بھی شخص کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیا جا سکتا ہے۔

خصوصی یونٹ کو تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر متعین کیا گیا ہے (فوٹو: سبق)

بلدیہ کا کہنا ہے کہ سمارٹ ہیلمٹ کے ذریعے ایک منٹ میں 200 افراد کا درجہ حرارت نوٹ کیا جا سکتا ہے۔ بلدیہ نے ہیلمٹ بردار یونٹس کو مختلف مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں تعینات کیا ہے جہاں لوگوں کی آمدرفت زیادہ ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ مشرقی ریجن میں سب سے پہلے ڈرون کے ذریعے لوگوں کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کرنے کا آغاز کیا گیا تھا جس کے بعد اس طریقے کو دیگر شہروں میں بھی شروع کیا گیا ہے۔
کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدایبر کے بارے میں وزارت صحت نے تجارتی مراکز کو اس امر کا پابند کیا ہے کہ کسی بھی شخص جس کا جسمانی درجہ حرارت 38 ڈگری سے زائد ہو اسے مرکز میں جانے نہ دیا جائے اور ایسے افراد جنہیں بخار ہو اگر وہ زبردستی مارکیٹس میں جانا چاہیں تو ان کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا جائے۔
 

شیئر: