Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایسا لگتا ہے جیسے ایک جگہ پھنس گئے ہیں‘

صنم سعید نے کہا کہ ہسپتالوں میں جگہ کی کمی کی شکایت کے بجائے احتیاط کریں (فوٹو: سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں لوگوں کی اکثریت گھروں میں رہنے پر مجبور ہے اور کئی افراد پریشانی اور ذہنی تناؤ بھی محسوس کرتے ہیں۔
کبھی کوئی دن بہت اچھا اور خوشگوار گزرتا ہے تاہم بسا اوقات نااُمیدی اور اداسی چھا جاتی ہے اور حالات انسان کو سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں کہ آخر زندگی معمول پر کب آئے گی اور یہ کہ ’ہم سب کہاں پھنس گئے ہیں۔‘
پاکستان کی فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید بھی کچھ ایسے حالات کا شکار ہیں اور کہتی ہیں کہ ’لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے ہم ایک جگہ پھنس گئے ہیں۔‘
فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر صنم سعید نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جسے دیکھ کر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ صنم سعید کسی گہری سوچ میں گم ہیں۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے صنم سعید نے لکھا کہ ’معاشرتی دوری اخیتار کرنا، گھر میں رہنا، کسی سے نہیں ملنا، اس سب کے بعد ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے ہم ایک جگہ پھنس گئے ہیں۔
اس سے قبل ٹوئٹر پر پر آغا خان اور انڈس ہسپتالوں میں انتظامیہ کی جانب سے کورونا کے مزید مریض داخل کرنے سے معذرت کے نوٹس کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا تھا کہ ’آغا خان ہسپتال کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ ان کے پاس کورونا کے مریضوں کے لیے مزید جگہ نہیں ہے۔ ہسپتال میں جگہ کی کمی کی شکایت نہ کریں، اس لیے احتیاط کریں اور کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔‘

سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کی بات سے اتفاق کیا جبکہ بعض کا کہنا تھا کہ اب بھی ایسے لوگوں کی کمی نہیں جنھیں لگتا ہے کہ کورونا کچھ بھی نہیں۔
ٹوئٹر صارف حماد نے لکھا کہ ’میں کچھ ایسے بیوقوف لوگوں کو جانتا ہوں جو اب بھی کورونا کو نہیں مانتے اور انہیں لگتا ہے کورونا ہے ہی نہیں۔‘

اس کے علاوہ صنم سعید نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی کچھ سہیلیوں کی یادگار تصاویر بھی شیئر کیں۔

شیئر: