روزانہ 10 ہزار ٹیسٹ کیے جاسکتے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے مدینہ منورہ میں نئے کورونا وائرس سے بچاو کے مشن کو مزید فعال بناتے ہوئے ’سپیشل لیب ‘ قائم کی ہے۔ لیب سے کووڈ 19 کے ٹیسٹ کی رپورٹ 12 گھنٹے کے اندر جاری کر دی جاتی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق مدینہ منورہ محکمہ صحت کے ماتحت لیباریٹریز ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمر الحازمی نے بتایا کہ لیباریٹری میں 6 ہزار افراد کے کورونا ٹیسٹ کے نمونے لیے جاچکے ہیں۔
الحازمی کا مزید کہنا تھا کہ کورونا لیب کی خصوصیت یہ ہے کہ نمونہ کا رزلٹ ریکارڈ وقت میں دیا جاتا ہے۔ لیباریٹری روزانہ دس ہزار نمونے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ لیب کو وزارت صحت کے دیگر اداروں سے نیٹ ورک کے ذریعے مربوط کیا گیا ہے۔
الحازمی نے بتایا کہ سپیشل لیب میں ٹیسٹ سینٹر سے خون کے نمونے پہنچتے ہیں جبکہ مدینہ منورہ ریجن کی ریجنل دیگر لیباریٹریز سے بھی نمونے یہاں وصول کیے جاتے ہیں۔