Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر فش مار کیٹ سیل

مارکیٹ میں لوگوں کا کافی رش رہتا تھا(فوٹو سبق)
 سعودی عرب میں بلدیہ نے جدہ کے علاقے المشرفہ میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر ذیلی فش مارکیٹ کو سیل کردیا۔
مارکیٹ میں کورونا سے بچاو کے لیے مقرر کیے جانے والے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیاجارہا تھا۔
 ویب نیوز ’سبق‘ نے ریجنل سیکرٹری بلدیہ انجینئیر محمد الزھرانی کے حوالے سے کہا ہے کہ بلدیہ کی ٹیموں کی جانب سے مارکیٹوں کا مسلسل دورہ کیاجارہا ہے تاکہ کورونا سے حفاظت کےلیے مقرر کیے جانے والے ضابطے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔
 بلدیہ کو اطلاع ملی تھی کہ المشرفہ کے علاقے  شارع مکرونہ پر ذیلی مچھلی منڈی میں مقررہ ضوابط پر عمل نہیں کیاجارہا۔ مارکیٹ میں لوگوں کا کافی رش رہتا تھا جس کی وجہ سے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد نہیں ہو رہا تھا جو کورونا وائرس سے حفاظت کےلیے انتہائی لازمی ہے۔
الزھرانی کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹ میں آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا بھی کوئی بندوبست نہیں تھا نہ ہی وہاں کام کرنےوالے ماسک اور دستانے استعمال کررہے تھے جس پر تفتیشی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مارکیٹ کو سیل کردیا۔

بلدیہ کی ٹیموں کی جانب سے مارکیٹوں کا مسلسل دورہ کیاجارہا ہے(فوٹو سبق)

ریجنل سیکرٹری بلدیہ نے مزید کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنےوالوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے اس میں کسی کے ساتھ امتیازی رویہ نہیں رکھا جاتا۔  مقررہ ضوابط پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے خواہ وہ شہری ہو یاغیر ملکی۔
الزھرانی نے اپیل کی کہ مقررہ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں کوئی بھی شخص بلدیہ کے انفارمیشن سینٹر 940 پر اطلاع دے سکتا ہے۔

شیئر: