Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے کیسز میں 52 فیصد سعودی اور 48 فیصد غیر ملکی

بدھ کو ہونے والی 39 اموات میں سے بیشتر جدہ میں ہوئی ہیں۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بدھ 17 جون ہلاک ہونے والوں کی تعداد 39 تھی جن میں سے بیشتر ہلاکتیں جدہ میں ہوئی ہیں۔
 ویب نیوز ’سبق ‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مملکت کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 919 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے ان میں 52 فیصد سعودی جبکہ 48 فیصد غیر ملکی شامل ہیں۔
کووڈ 19 سے ایک ہی دن میں ہونے والی 39 ہلاکتوں میں سے 18 مریض جدہ میں ہلاک ہوئے جبکہ ریاض میں سات، مکہ پانچ ، دمام میں تین اور مدینہ، نجران، عرعر، النعیریہ، حائل اور سکاکا میں ایک ایک شخص اس مہلک وائرس کے ہاتھوں ہلاک ہوا۔
 وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس میں مبتلا چار ہزار نو سو 19 نئے کیسز میں 30 فیصد خواتین اور 70 فیصد مرد ہیں جبکہ معمر افراد پانچ فیصد، بچے نو اور بالغ افراد کا تناسب 86 فیصد ہے۔
کورونا وائرس ٹیسٹ کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں مملکت کے مختلف شہروں میں 23 ہزار484 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کووڈ 19 کے لیے کیے جانے والے لیبارٹری ٹیسٹوں کی تعداد 11 لاکھ 67 ہزار 766 تک پہنچ چکی ہے۔

کورونا وائرس کے نئے کیسز میں 30 فیصد خواتین ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

وزارت صحت کی جانب سے کورونا ٹیسٹ کےلیے ’موعد‘ کی ایپ بھی جاری کی گئی ہے جس کے ذریعے رجسٹریشن کرانے کے بعد ٹسیٹ کے لیے قریبی سینٹر جایا جاسکتا ہے۔
علاوہ ازیں کورونا کے بارے میں جدید ترین معلومات اور ہدایات کی وصولی کے لیے وزارت نے واٹس اپ کا نمبر 920005937 بھی جاری کیا ہے جس سے اہم معلومات اور ہدایات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

شیئر: