پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت کی ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹوں کے دوران کورونا پازیٹو آنے کی شرح بڑھ کر 16 فیصد ہو گئی ہے جس کا مطلب ہے ملک میں ہر 100 افراد کے ٹیسٹ میں سے 16 کورونا کے مریض نکلتے ہیں۔
یاد رہے کہ دو ہفتے قبل یعنی 4 جون 2020 کی ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں پاکستان میں یہ شرح 14 فیصد تھی۔ ماہرین کے مطابق بڑھتی ہوئی شرح کا مطلب ہے کہ آبادی میں وائرس اب زیادہ پھیل چکا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی 4 جون کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 19 فیصد، پنجاب میں 12 فیصد، سندھ میں 16 فیصد اور خیبرپختونخواہ میں 17 فیصد تھی۔
تاہم عالمی ادارے کی 18 جون کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت ٹیسٹ کی شرح دو پوائنٹ بڑھ کر 16 فیصد ہو گئی ہے جبکہ پنجاب میں بھی شرح 12 سے بڑھ کر 16 فیصد ہو گئی ہے، بلوچستان میں 22 فیصد، سندھ میں 18 فیصد اور خیبر پختونخواہ میں بھی 18 فیصد شرح دیکھی گئی ہے۔
اسلام آباد میں کیسز میں اضافے کے باجود یہ شرح 11 فیصد ہے۔ یاد رہے کہ ڈبلیو ایچ او نے یہ شرح حکومت کی طرف سے فراہم کردہ اعدادوشمار کی روشنی میں مرتب کی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شرح اموات کے لحاظ سے صوبہ خیبر پختونخواہ سرفہرست ہے جہاں اوسط شرح اموات تین اعشاریہ سات فیصد ہے جبکہ صوبے کے کچھ علاقوں جیسے کوہستان میں شرح اموات نو فیصد سے بھی زائد ہے۔ شمالی وزیرستان میں شرح اموات آٹھ فیصد کے قریب ہے جبکہ ہنگو میں چھ اعشاریہ سات فیصد اور کوہاٹ میں چھ فیصد کے قریب ہے۔
اردو نیوز سے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ماہر صحت اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں اضافے کا مطلب یہ ہے کہ وائرس کی منتقلی میں تیزی آئی ہے اور کورونا کا مرض ملک میں بڑھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس سلسلے میں سمارٹ لاک ڈاؤن کو موثر بنانے اور کورونا سے بچاؤ کے قواعد وضوابط یا ایس و پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ بلوچستان میں بڑھتے ہوئے کیسز پر ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے دارلحکومت کوئٹہ میں زیادہ آبادی کا ارتکاز ہے اس لیے وہاں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جمعہ کو جاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد تین ہزار 229 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 136 مریضوں کا انتقال ہوا جبکہ چار ہزار 944 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک میں 61 ہزار 383 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 28 ہزار 824 ٹیسٹ کیے گئے۔