Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تُم تُم: 'ڈھنچک پوجا کا پاکستانی ورژن'

عاصم اظہر نے گذشتہ ماہ گانے کی ویڈیو کے ایک سین کی تصویر شیئر کی تھی (فوٹو: انسٹاگرام)
پاکستانی گلوکارعاصم اظہر کا نیا گانا 'تم تم' ریلیز کیا ہوا سوشل میڈیا صارفین نے اس گانے اور ویڈیو میں شامل کاسٹ پر طرح طرح کے تبصرے شروع کر دیے۔
عاصم اظہر نے گذشتہ ماہ کے آخر میں اپنے اس گانے کی ویڈیو کے ایک سین کی تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ ٹک ٹاک سٹار اریقہ حق کے ساتھ بیٹھے نظر آرہے تھے۔ اس کے کچھ دن بعد انہوں نے اپنے نئے گانے کا ٹیزر بھی شیئر کیا تھا۔ 
ٹک ٹاک سٹار کو اپنی ویڈیو میں کاسٹ کرنے پر کئی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا، یہی نہیں بلکہ اریقہ حق کے خلاف ٹرینڈز بھی بنائے گئے اور انہیں ٹرول کیا گیا جس پر عاصم اظہر نے ناقدین کے لیے ایک پیغام لکھا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 'کمال ہے ویسے پہلے ڈپریشن اور ذہنی دباو پر لیکچر دیتے ہیں اور کچھ دن  بعد اپنی نفرت اور منفی رویے سے خود ہی کسی کو ڈپریشن کا شکار بنا دیتے ہیں۔'
اب ایک بار پھر گلوکار اور اس ویڈیو کی کاسٹ سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر ہے اور اس وقت ٹوئٹر پر عاصم اظہر، اریقہ حق، ہانیہ عامر اور تم تم کے ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے تبصرے کیے جا رہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گانا انہیں کچھ خاص بھایا نہیں۔

حفصہ نامی ٹوئٹر صارف نے اس گانے کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'اس کے لیے دو ہفتوں سے شور ڈالا ہوا تھا؟'

 
ایک اور صارف مبشر نے لکھا کہ 'پتا نہیں 2020 میں اور کیا کیا برا ہوگا۔ عاصم بھائی ایسا کیوں کیا آپ نے؟'

ٹوئٹر صارف عروبہ نے تو اس گانے کو انڈین یوٹیوب سٹار ڈھنچک پوجا کی ویڈیو کا پاکستانی ورژن کہہ ڈالا۔ انہوں نے لکھا کہ 'برا میوزک، بری کہانی، غیر معیاری کیمرہ ورک۔'

لوزر کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے پوچھا کہ 'ان چھ منٹ میں اریقہ حق کا کیا ٹیلنٹ تھا؟ صرف پوچھ رہا ہوں۔'

انشال خان نامی صارف نے ہانیہ عامر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'تم تم گانے میں ہانیہ عامر کا کردار اتنا ہی ہے جتنا پی ٹی آئی میں عامر لیاقت کا۔'

ذکیہ غنی نامی صارف نے لکھا کہ 'میں بہت پوزیٹیو انسان ہوں، میں نے تم تم گانے کا ریویو دینے کی کوشش کی لیکن یہ دراصل ایک لالچی ٹین ایج لڑکی کے بارے میں ہے۔ اس کا میوزک اور اس کے بول زیادہ متاثر کن نہیں ہیں پھر بھی میں نے لائیک کا بٹن دبا دیا۔'
جہاں صارفین اس گانے پر ناپسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں وہیں کچھ ایسے بھی ہیں جو ٹرولنگ کرنے والوں کی مخالفت کرتے ہوئے گانے اور اس کی کاسٹ کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

اسفند کی باتیں کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'تم لوگ ایسے ہی فضول برا کہہ رہے ہو اتنا اچھا گانا تو ہے۔'

ٹوئٹر صارف روحا عارف نے لکھا کہ 'دوستو ان پر تنقید کرنا بند کریں۔ میرا نہیں خیال کہ اس نے کچھ ایسا کیا ہے کہ سب پیچھے پڑ گئے ہیں۔ ہانیہ عامر بھی تو ڈب سمیش کی وجہ سے مشہور ہوئی تھیں۔ اگر اتنی بری لگتی ہے تو اس کے اکاؤنٹ پر ملین فالوورز کہاں سے آگئے؟ آپ سب نے ہی انہیں مشہور کیا ہے۔ مثبت سوچیں۔'

شیئر: