ریاض میں 18 سے زیادہ بڑے منصوبے نافذ کیے جارہے ہیں۔
سعودی عرب میں ریاض رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین فہد الرشید نے کہا ہے کہ ریاض میٹرو کے بعض حصوں کا افتتاح 2020 کے اختتام سے قبل کردیا جائے گا-
اخبار 24 کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ان دنوں دارالحکومت ریاض میں 18 سے زیادہ بڑے منصوبے نافذ کیے جارہے ہیں۔ ریاض کی آبادی 15 ملین تک پہنچانے کا پروگرام ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بڑے منصوبوں میں میٹرو، الدرعیہ گیٹ، القدیہ منصوبہ، ریاض آرٹ اور گرین ریاض منصوبے شامل ہیں-
الرشید نے بتایا کہ آئندہ دس برس کے دوران ریاض میں تین ٹریلین ریال کی سرمایہ کاری ہوگی جس سے دارالحکومت میں معیشت کا حجم بڑھ جائے گا-
فہد الرشید نے بتایا کہ سعودی حکومت بڑے سائز کے منصوبوں پر ایک ٹریلین ریال کا سرمایہ لگائے گی۔ ریاض کی آبادی کا حجم بڑھانے کے لیے نئے مکانات بنانے کے لیے ایک ٹریلین ریال خرچ ہوں گے جبکہ آبادی میں زبردست اضافے سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے نجی ادارہ ایک ٹریلین کی سرمایہ کاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے ریاض اس وقت دنیا کا 49 واں شہر ہے۔ یہاں 70 لاکھ افراد آباد ہیں۔ ریاض معاشی طاقت کے حوالے سے دنیا کا 18 واں شہر ہے۔ یہ تیل کے ماسوا قومی پیداوار کا 47 فیصد سے زیادہ فراہم کررہا ہے۔