Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برازیل کے قبرستانوں میں جگہ کم پڑ گئی

برازیل میں قبرستانوں کی توسیع کی جا رہی ہے (فوٹو: روئٹرز)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی عالمی وبا تباہ کاریاں پھیلا رہی ہے۔ کئی ممالک میں بہتری نظر آ رہی ہے جبکہ کچھ ممالک وائرس کا گڑھ بنے ہوئے ہیں۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے مطابق دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 47 لاکھ سے بڑھ گئی اور مرنے والوں کی تعداد چھ لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آخر کار ماسک پہننے کی حمایت کر دی ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں دوبارہ اپنی تصویر شائع کی ہے جس میں انہوں نے ماسک پہنا ہوا ہے۔

 

 ٹویٹ میں ان کا لکھنا تھا کہ ’بہت سارے لوگوں کا خیال ہے کہ اگر وہ معاشرتی طور پر فاصلہ نہیں رکھ سکتے تو ایک محبِ وطن کے طور پر ماسک پہننا فرض ہے۔ مجھ سے زیادہ محب وطن کوئی نہیں ، آپ کا پسندیدہ صدر۔‘
امریکہ میں وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 38 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ ہے۔
برازیل وبا سے امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک جہاں صورتحال یہ ہے کہ ہزاروں ہلاکتوں کی وجہ سے قبرستان بھر گئے ہیں اور جگہ کم پڑ جانے سے قبرستانوں کو توسیع دی جا رہی اور ہزاروں نئی قبریں کھودی جا رہی ہیں۔
برازیل میں متاثرین کی تعداد 21 لاکھ سے زائد ہے اور ہلاکتیں 80 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔
اے ایف پی کی اس ویڈیو میں برازیل میں قبرستانوں کی حالت دیکھی جا سکتی ہے۔
منگل کو سات ہفتوں میں پہلی بار نئی دہلی میں ایک ہزار سے کم کورونا کیسز یکارڈ کیے گئے، جبکہ انڈیا نے مزید ریاستوں نے بھی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیاں عائد کیں۔
گذشتہ ہفتے انڈیا کورونا وائرس کے 10 لاکھ کیسز تک پہنچنے والا امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرا ملک بن گیا تھا۔
تاہم کئی ماہرین کا کہنا تھا کہ انڈیا میں ٹیسٹنگ کی شرح کم ہے، جس کی وجہ سے اصل تعداد زیادہ ہوسکتی ہے۔
انڈٰیا میں 28 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک میں مہاراشٹرا، جو کہ ممبئی شہر اور کچی آبادیوں کا گھر ہے، میں سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ اس کے بعد فہرست میں دہلی اور تامل ناڈو ہیں۔
روس میں سات لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ روس میں ساڑھے 12 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
جنوبی افریقہ کی کابینہ کے دو وزرا کو کورونا وائرس کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ میں کم از کم پانچ ہزار ایک سو 73 ہلاک ہوچکے ہیں (فوٹو: روئٹرز)

منگل کو حکومت نے اعلان کیا کہ 61 سالہ وزیر محنت اور 65 سالہ وزیر معدنی وسائل کو پیر کو الگ الگ ہسپتالوں میں داخل کیا گیا تھا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کے تین لاکھ 73  ہزار چھ سو 28 کیسز ریکارڈ ہو چکے ہیں، جن میں سے کم از کم پانچ ہزار ایک سو 73 ہلاک ہوچکے ہیں۔
پیرو میں اب تک تین لاکھ 53 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 13 ہزار ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ویکسین کے کامیاب تجربات کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ’یہ ایک مثبت نتیجہ ہے لیکن ہمیں بہت دور تک جانا ہے۔
تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے حوالے سے ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں