Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فضائیہ کے کاک پٹ سے ڈبلیو ٹی او کا سفر

محمد التویجری کئی قومی اور بین الاقوامی اداروں کی سربراہی کر چکے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں اعلیٰ عہدے کے لیے حصہ لینے والے آٹھ امیدواروں میں سعودی عرب کے محمد التویجری کا غیر معمولی پس منظر ہے۔
عرب نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق کارپوریٹ دنیا میں بینکر کی حیثیت سے شامل ہونے سے پہلے وہ سعودی فضائیہ کے لڑاکا پائلٹ تھے۔
فوربز میگزین کے مطابق یہ ایک انوکھا تجربہ ہے اور اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے جس میں وہ اعلیٰ سطحی منصب کے مقابلے کے لیے ابھر کر سامنے آئے ہیں۔

نئے عہدیدار کے لیےانتخابی عمل کا موجودہ مرحلہ 7 ستمبر تک جاری رہے گا۔ (فوٹو ٹوئٹر)

ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے دوسرے امیداوروں کا تعلق مصر، کینیا، نائیجیریا، میکسیکو، مالدووا(مشرقی یورپی ملک)، جنوبی کوریا اور برطانیہ سے ہے۔
برازیل کے روبرٹو ایزوڈو تاحال اس عہدے پر موجود ہیں جو اگست 2020 کے آخر تک سبکدوش ہو جائیں گے۔

محمد التویجری کا سعودی وژن 2030 کے لیے کلیدی کردار رہا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

سعودی فضائیہ کے کاک پٹ سے ابتدائی سفر کا آغاز کرنے والے محمد التویجری انوسٹمنٹ بینکنگ کمپنی ایچ ایس بی سی مڈل ایسٹ کے سی ای او رہے اور اس سے قبل جے پی مورگن سعودی عرب اور سعودی برٹش بینک میں خدمات انجام دیں۔
محمد التویجری اس وقت سعودی شاہی عدالت کے مشیر ہیں اور اس سے قبل مملکت کے وزیر برائے معیشت و منصوبہ بندی کے علاوہ وژن 2030 کے لیے ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔

برازیل کے روبرٹو ایزوڈو اگست 2020 میں سبکدوش ہو جائیں گے۔ (فوٹو سوشل میڈیا)

سعودی مرکز برائے بین الاقوامی سٹریٹجک پارٹنرشپ کے بورڈ، ہائیڈرو کاربن امور کی سپریم کمیٹی کے ممبر، قومی کمیٹی برائے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ممبر، 2018 سے اٹامک انرجی برائے اعلیٰ کمیٹی کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔
وہ ایکسپو 2020 دبئی میں سعودی عرب کی شرکت کے لیے نگران کمیٹی کے چیئر مین بھی تھے۔
سعودی عرب کے کلیدی پالیسی سازوں کے طور پر پہچانے جانے والے محمد التویجری نے مصنوعی ذہانت کے منصوبوں سے نجکاری کے منصوبوں تک خدمات انجام دیں۔
انہوں نے کئی اہم سرکاری محکموں کی سربراہی بھی کی اور سعودی آرامکو کے  بورڈ کے ممبر بھی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے نامزد آٹھ امیدواروں نے مختصر پریزنٹیشن دینے کے لیے تنظیم کی جنرل کونسل کے ممبروں سے ملاقات کی جس میں ڈبلیو ٹی او کے لیے ان کا وژن بھی شامل ہے۔
ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی ویب سائٹ کے مطابق نئےعہدیدار کے لیے انتخابی عمل کا موجودہ مرحلہ 7 ستمبر تک جاری رہے گا جس میں امیدوار تمام ممبران کو اپنا تعارف کرا سکتے ہیں۔
اس کے بعد انتخاب کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگا اور توقع ہے کہ یہ مرحلہ دو ماہ سے زیادہ عرصے کا نہیں ہوگا۔
 
 

شیئر: