Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج مقامات پر 70 لاکھ کیوبک میٹر پانی کی فراہمی

حج مقامات پر مسلسل 24 گھنٹے پانی فراہم کیا گیا- فوٹو الریاض
 سعودی نیشنل واٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سال حج سیزن میں مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں 70 لاکھ کیوبک میٹر سے زیادہ پانی فراہم کیا گیا ہے۔
نیشنل واٹر کمپنی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن کے آغاز سے اختتام تک مرتب کردہ پالیسی پر کامیابی سے عمل کیا گیا جس کی وجہ سے کسی قسم کی دشواری یا پانی کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق سعودی نیشنل واٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ یکم سے 12 ذوالحجہ تک مکہ مکرمہ ، منی ، عرفات اور مزدلفہ کےلیے واٹر سپلائی کی جامع پالیسی مرتب کی گئی تھی جس کے تحت بنیادی ہدف تھا کہ ان دنوں میں کسی مقام پرپانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 مشاعر مقدسہ(منی ، مزدلفہ ، عرفات) میں واٹر سپلائی یونٹ کی جانب سے مسلسل 24 گھنٹے کی بنیاد پر پانی فراہم کیا گیا جبکہ مکہ مکرمہ میں 21 گھنٹے یومیہ کے حساب سے پانی کی فراہمی جاری رہی جس سے کسی قسم کی دشواری یا پانی کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ 
پانی کی مسلسل فراہمی کے علاوہ احتیاطی طور پر مشاعر مقدسہ میں 2.5 ملین میٹر مکعب پانی کا ذخیرہ بھی رکھا گیا تھا تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں اسے استعمال کیاجاسکے۔ 
کمپنی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ شاہ عبداللہ زم زم پلانٹ سے امور حرمین کے ادارے کے تعاون سے ایام حج میں 5 لیٹر والی 12 لاکھ آب زم زم کی بوتلیں بھی تقسیم کی گئیں۔   
دوسری جانب ایس ٹی سی نے بتایا ہے کہ منی، مزدلفہ اور عرفات میں فائیو جی کی کوریج 119 فیصد تک بڑھادی تھی تاکہ ان تمام مقامات پر حج موسم کے دوران زائرین فائیو جی سے بھرپور استفادہ کرسکیں- 

حاجیوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے اقدام کیا گیا- فوٹو عاجل 

عاجل ویب سائٹ کے مطابق ایس ٹی سی نے بتایا کہ  موسم حج کے دوران فورجی نیٹ ورک کی کوریج میں 88 فیصد کا اضافہ کیا گیا تاکہ حج زائرین زیادہ بہتر شکل میں رابطے کرسکیں۔ حاجیوں کی خدمت پر مامور اداروں کے لیے نئے ڈیجیٹل فارمولے بھی مہیا کیے گئے ہیں۔
فائیو جی نیٹ ورک کو منی، مزدلفہ اور عرفات میں مختلف مقامات پر مضبوط بنایا گیا تھا۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی فائیو جی نیٹ ورک کو پاور فل بنانے کا اہتمام کیا گیا- ہوائی اڈوں اور حاجیوں کی رہائش پررابطے کی سہولتیں زیادہ بہتر کردی گئی تھیں-
ایس ٹی سی نے بتایا کہ اس سال حج کرنے والوں کو مفت چھتریاں پیش کی گئیں اس کے علاوہ پانی محفوط کرنے کے لیے واٹر پلاسٹک بیگ بھی تقسیم کیے گئے۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

شیئر: