اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں اس کا کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا (فوٹو: روئٹرز)
اسرائیل کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اس کے فوجیوں پر فائرنگ کے بعد اس کے طیاروں نے بدھ کی صبح حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں اسرائیل کا کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا ہے۔
امریکہ کی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے حملے سے لبنان میں ہونے والے نقصان اور ہلاکتوں کے بارے میں اطلاع نہیں ہے۔
اسرائیلی طیاروں کے حملے سے قبل اسرائیلی فوج نے بارڈر کے قریب شیل بھی فائر کیے۔
رواں برس 27 جولائی کو اسرائیل کی فوج نے کہا تھا کہ اس نے حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر حملے کی ایک کوشش ناکام بنا دی ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل لبنان بارڈر پر ایک گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم کسی جانب سے جانی نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب حزب اللہ نے اس حملے کی تردید کی تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسے یقین ہے کہ اس حملے کے پیچھے حزب اللہ کا ہی ہاتھ تھا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے گذشتہ ماہ شام میں حزب اللہ کے ایک جنگجو کو ہلاک کر دیا تھا جس کے بعد وہ حزب اللہ کی جانب سے جوابی حملے کی توقع کر رہا ہے۔
چند روز قبل اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی پر بھی بمباری کی تھی جس کے بعد فلسطینیوں نے جنوبی اسرائیل پر راکٹ فائر کیا۔
فائرنگ کا یہ تبادلہ اس وقت ہوا جب اسرائیل نے حماس کو متنبہ کیا تھا کہ وہ سرحد پار سے فائرنگ روکنے میں ناکام ہو رہا ہے۔ یہ فائرنگ "جنگ" کا خطرہ بن رہی ہے۔
اس مشکل پر قابو پانے کے لیے مصری سکیورٹی عہدیداروں نے دونوں فریقین سے بات چیت کی جس میں غزہ پر رات کے وقت اسرائیلی حملوں میں راکٹ فائر ہوئے۔
اسرائیل کی جانب سے ایک فوجی بیان میں کہا گیا تھا کہ 'اس سے پہلے راکٹ فائر کیا گیا تھا اور دن کے وقت غزہ کی پٹی سے دھماکہ خیز اور آتش گیر غبارے اسرائیلی علاقے میں بھیجے گئے تھے۔'