نئی گاڑیوں کی مارکیٹ پر پندرہ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا اثر پڑا ہے-(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں ویلیو اڈیڈ ٹیکس میں اضافے کا اثر گاڑیوں کی مارکیٹ پر بھی پڑا ہے۔ نرخوں میں اضافہ ہوگیا۔
شو رومز مالکان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پندرہ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی وجہ سے نئی گاڑیوں کی مارکیٹ مکمل طور پر مفلوج ہوگئی جبکہ پرانی گاڑیوں کی طلب بڑھ گئی۔ ان کے نرخوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
الاخباریہ چینل کے مطابق پندرہ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے قبل مملکت میں گاڑیوں کی طلب اور رسد بڑھی ہوئی تھی۔ قیمتیں سب کی دسترس میں تھیں۔
گاڑیوں کے شو روم کے ایک مالک عبدالرحمن صالح نے بتایا کہ دراصل نئی گاڑیوں کی مارکیٹ پر پندرہ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا اثر پڑا ہے- جب سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح پانچ سے پندرہ فیصد کی گئی ہے پرانی گاڑیوں کی کی طلب بڑھ گئی جبکہ نئی گاڑیوں کی مارکیٹ مفلوج ہوگئی ہے۔
انہو ں نے مزید کہا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح پندرہ سے کم کرکے پانچ فیصد کردی جائے تاکہ قومی معیشت میں بہتری اور گاڑیوں کی مارکیٹ بحال ہوسکے۔ اس اقدام سے ہی بینکوں اور شورومز کی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔