کورونا سے 75 ہزارافراد صحتیاب ہو چکے ہیں(فوٹو، سوشل میڈیا)
مصری وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے صحتیابی کے تناسب میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ایک ہی دن میں 789 افراد شفایاب ہو کر گھروں کو رخصت ہوئے۔
مصری وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر خالد مجاہد نے بتایا کہ 24 گھنٹے کے دوران 145 افراد کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے جس کے بعد اب تک مصر میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 99 ہزار 425 تک پہنچ چکی ہے۔
مصری ذرائع ابلاغ نے وزارت صحت کے ترجمان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ایک ہی روز میں کورونا سے 18 افراد ہلاک ہوئے جبکہ اب تک اس وبائی مرض سے ہلاکتیں 5 ہزار 479 ہو گئی ہیں۔
کورونا وائرس سے صحتیابی کے تناسب میں اضافے کے بعد اب تک 75 ہزار 415 افراد اس وبائی مرض کو شکست دے چکے ہیں۔
مصری وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کیے گئے ضوابط پرعمل کرتے ہوئے لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں مطلع کیاجارہا ہے ۔
اس حوالے سے سب سے اہم نکتہ سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنا اور ہاتھوں کو ہردو گھنٹے بعدصابن سے دوھونا ہے علاوہ ازیں گھروں سے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال لازمی ہے تاکہ خود اوردوسرے اس وبائی مرض کے وائرس حملے سے محفوظ رہ سکیں