Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے کوشاں ہیں‘

’کورونا کے مریضوں کی کم ہوتی تعداد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں متعدد قومی اور بین الاقوامی امور زیر غور رہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے نائب امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو ارسال کیے جانے والے مکتوب سے کابینہ کو آگاہ کرتے ہوئے سعودی عرب اور کویت کے برادرانہ تعلقات اجاگر کیے۔
شاہ سلمان نے کابینہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوٹین، فرانسیسی صدر ایمیانول میخران اور برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے کیے جانے والے رابطوں سے بھی آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ جی 20 کے تحت سعودی عرب عالمی برادری کے ساتھ کورونا کے انسداد کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے تیل کی عالمی منڈی میں استحکام اور عالمی معیشت کی بہتری پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کی اہمیت بھی اجاگر کی ہے۔
شاہ سلمان نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب امن کے قیام کے لیے فلسطینی مسئلہ کے پائیدار اور حق پر مبنی حل کے لیے ہمیشہ کوشاں ہے۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد بن عبد اللہ القصبی نے بتایا ہے کہ ’کابینہ نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کورونا وبا کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا ہے‘۔

’تیل کی عالمی منڈی میں استحکام اور عالمی معیشت کی بہتری پر زور دیا گیا، خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کی اہمیت اجاگر کی گئی ( فوٹو: واس)

’سعودی عرب میں کورونا کے مریضوں کی کم ہوتی تعداد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی طرف سے حفاظتی تدابیر کی پابندی کو سراہا گیا ہے‘۔
’کابینہ نے کورونا بحران کے بعد مقامی مارکیٹ میں 20 فیصد بڑھوتری اور تجارتی سرگرمیوں میں بحالی کے بعد تیزی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کی مضبوط معیشت کی نشاندہی کرتی ہے‘۔
 
 
 

شیئر: