Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دیپیکا پاڈوکون 'ڈپریشن کی دکان' چلاتی ہیں: کنگنا رناوت

گذشتہ سال دیپکا پاڈوکون نے کنگنا رناوت کی فلم کے نام پر اعتراض اٹھایا تھا (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کی معروف اداکارہ دیپکا پاڈوکون اکثر ڈپریشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے پائی جاتی ہیں، لیکن سنیچر کو ذہنی صحت کے عالمی دن پر ان کے ایسے بیانات کو بالی وڈ کوئین کنگنا رناوت نے تنقید کا نشانہ بنایا۔
 اس عالمی دن کے موقع پر کنگنا رناوت نے ٹوئٹر پر اپنی فلم 'ججمینٹل ہے کیا' کا ایک کلپ شئیر کیا اور کہا کہ ان کی فلم کا نام 'مینٹل ہے کیا' رکھا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ذہنی صحت سے متعلق آ گاہی پھیلانے والی اس فلم کو 'ڈپریشن کی دکان چلانے والوں نے'عدالت میں گھسیٹا، جس کی وجہ سے فلم کا نام ریلیز ہونے سے کچھ ہی دن پہلے بدلا گیا۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ سال انڈین نیوز ویب سائٹ 'دا پرنٹ' کے ٹاک شو سیریز میں بات کرتے ہوئے دیپکا پاڈوکون کا کہنا تھا کہ انڈیا میں اب تک لوگوں کو ذہنی صحت سے متعلق ٹھیک سے آگاہی نہیں ہے۔ 'مینٹل ہے کیا جیسی فلمیں بنانے سے پہلے ہمیں ایسی باتوں کی حساسیت کی دھیان رکھنا چاہیے۔'
سنیچر کو کنگنا رناوت کا مزید کہنا تھا کہ فلم کا نام بدلنے کی وجہ سے مارکیٹنگ سے متعلق مسائل پیش آئے تھے لیکن انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی فلم ہے اور لوگوں کو دیکھنی چاہیے۔
اس فلم میں کنگنا رناوت نے بابی نام کی ایک وائس اوور آرٹسٹ کا کردار ادا کیا تھا جس کی زندگی حقیقت اور وہم کے بیچ گھوم رہی ہے اور راج کمار راؤ نے ان کے پڑوسی کیشو کا کردار ادا کیا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں