Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین: 90 لاکھ شہریوں کا کورونا ٹیسٹ

میونسپل ہیلتھ کمیشن کے بیان کے مطابق شہر کے پانچ اضلاع کے رہائشیوں کا تین دن میں ٹیسٹ کرایا جائے گا (فوٹو:روئٹرز)
چین میں محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ساحلی شہر چنگ ڈاؤ میں کورونا کے چند کیسز سامنے آنے کے بعد پانچ دن میں شہر کے 90 لاکھ باشندوں کا ٹیسٹ کرایا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو چین میں کئی ماہ بعد اتنے بڑے پیمانے پر کورونا کے ٹیسٹ کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
عالمی وبا کورونا وائرس چین کے شہر ووہان سے گزشتہ برس دسمبر کے وسط میں پھیلی تھی۔
چین نے زیادہ تیزی سے اقدامات کرتے ہوئے وبا پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے تاہم دنیا کے زیادہ تر ملکوں میں تاحال کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں اور وبا کا پھیلاؤ جاری ہے۔
چنگ ڈاؤ کے میونسپل ہیلتھ کمیشن نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ اتوار کو شہر میں چھ کورنا کیسز کی تصدیق ہوئی۔ چین کے اس شمالی مشرقی شہر کی آبادی 94 لاکھ ہے اور وائرس کے کیسز ایک ہسپتال میں سامنے آئے۔
میونسپل ہیلتھ کمیشن کے بیان کے مطابق شہر کے پانچ اضلاع کے رہائشیوں کا تین دن میں ٹیسٹ کرایا جائے گا جبکہ پورے شہر کی آبادی کے ٹیسٹ پانچ دن میں مکمل کر لیے جائیں گے۔
چین میں کورونا کے ٹیسٹ کرانے کے لیے جدید سہولیات موجود ہیں۔ ہیلتھ کمیشن کے مطابق نئے کیسز سامنے آتے ہی ایک لاکھ 40 ہزار افراد کے ٹیسٹ کرا لیے گئے۔
جون کے مہینے میں دارالحکومت بیجنگ میں کورونا کے چند کیسز کی تصدیق کے بعد دو کروڑ آبادی والے شہر کے ایک بڑے حصے کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے۔
چین میں گزشتہ ہفتے ’گولڈن ویک‘ کی چھٹیوں کی وجہ سے لاکھوں افراد نے ملک کے اندر مختلف شہروں میں سفر کیا ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: