مشرقی اور شمالی علاقوں میں دن میں مطلع ابر آلود رہا۔ (فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی ماہر موسمیات ڈاکٹر زیاد الجہنی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شمالی، مشرقی اور مرکزی علاقوں میں سردی کی لہر آئندہ دس روز تک جاری رہے گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الجہنی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ آئندہ دس روز کے دوران دن میں درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ سے زیادہ نہیں ہوگا جبکہ راتیں ٹھنڈی ہوں گی۔- درجہ حرارت کبھی کبھار 14 سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔
ڈاکٹر زیاد الجہنی نے اس سے پہلے سعودی عرب کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کی توقع ظاہر کی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اس کی شروعات آئندہ جمعے سے ہوگی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق منگل کو جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔ تیز ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ سعودی عرب کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں دن میں مطلع ابر آلود رہا۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق منگل کو عسیر اور جازان کے بعض علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جبکہ الشرقیہ میں مختلف مقامات پر درمیانے درجے کی ہوائیں چلتی رہیں۔ مدینہ منورہ، حائل، قصیم، تبوک، حدود شمالیہ، جنوبی جدہ، جازان کے ساحل اور شمال میں بھی گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا۔