Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی کابینہ نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کی توثیق کردی 

کابینہ نے آئینی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔( فوٹو عرب نیوز) 
متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے اسرائیل کے ساتھ ابراہیمی امن معاہدے کی توثیق کردی ہے۔
اجلاس نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی صدارت میں ہوا۔ اماراتی کابینہ نے اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات اور امن معاہدے کی منظوری دیتے ہوئے معاہدے کی توثیق کے حوالے سے آئینی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ 
یاد رہے کہ پچھلے ماہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے واشنگٹن میں مکمل سفارتی تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
الامارات الیوم کے مطابق اماراتی کابینہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ابراہیمی امن معاہدہ خطے کی اقوام کی امنگوں کی تکمیل کے سلسلے میں اہم اضافہ ثابت ہوگا۔ اس کی بدولت ترقی و خوشحالی کا مشن مضبوط ہوگا۔ اس سے اقتصادی، ثقافتی اور سائنسی تعلقات کے استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔  
آر ٹی کے مطابق امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے سے خطے میں ایرانی سرگرمیوں کے مقابلے میں مدد ملے گی۔  
امریکی وزیر خزانہ نے دورہ امارات کے موقع پر کہا کہ اسرائیل اور امارات کے معاہدوں سے ایرانی سرگرمیوں کو لگام لگانے کا موقع ملے گا۔ امریکہ فریقین کے ساتھ تعاون کا آرزو مند ہے- معاہدوں سے دونوں کو فائدہ ہوگا۔   

شیئر: