لبنانی صدر میشیل عون نے سعد الحریری کو وزیراعظم کی ذمہ داریاں تفویض کردی ہیں-
اخبار 24 کے مطابق سعد الحریری نے نئی حکومت بنانے کی ذمہ داری تفویض کیے جانے پر کہا کہ وہ اپنا وعدہ پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں- وہ لبنان میں تباہی بند کرانے اور بیروت بندرگاہ دھماکے سے تباہ شہر کی تعمیر نو کرائیں گے- پہلے مرحلے میں ان کی ساری توجہ حکومت سازی پر مرکوز ہوگی-
الحریری نے لبنانی صدر سے ملاقا ت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ان ارکان پارلیمنٹ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے غیر جماعتی بنیادوں پر حکومت کی تشکیل کے لیے نامزد کیا- وقت ہاتھ سے نکلا جا رہا ہے اور یہ ملک کو بچانے کا آخری موقع ہے‘
مزید پڑھیں
-
’اہم وزارتوں کی فرقہ وارانہ بنیاد پر تقسیم ختم کی جائے‘Node ID: 506421
لبنانی پارلیمنٹ کے ارکان نے نئی حکومت کے لیے وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے مشاورت کی تھی- ارکان پارلیمنٹ میں سے 65 نے ان کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 53 نے کوئی بھی نام تجویز نہیں کیا-
یاد رہے کہ پچھلی بار جب ارکان پارلیمنٹ نے قائم مقام وزیراعظم کے لیے حسان دیاب کا انتخاب کیا تھا تب انہیں 69 ووٹ ملے تھے-
اس مرتبہ پارلیمانی پارٹی حزب اللہ اور لبنان کی دو بڑی مسیحی جماعتوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا- ان میں سے ایک الطیار الوطنی الحر ہے جس کے قائد جبران باسیل ہیں اور دوسری پارٹی القوات اللبنانیۃ ہے جس کے قائد سمیر جع جع ہیں-
لبنان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق التنمیۃ والتحریر گروپ کے ممبران نے سعد الحریری کے حق میں ووٹ دیا- اس گروپ کے قائد سپیکر نبیہ بری ہیں-