الدرعیہ آرٹ ویلی کے تعمیراتی کام کا آغاز
2022 میں اس کےافتتاح کا منصوبہ ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
الدرعیہ آرٹ ویلی کے تعمیراتی کام کا آغاز ہو گیا ہے جو دنیا میں ڈیجیٹل آرٹ کا پہلا سینٹر ہوگا۔ 2022 میں اس کے افتتاح کا منصوبہ ہے۔
سعودی وزارت ثقافت اور الدرعیہ گیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی شراکت سے انٹرنیشنل الدعیہ پلیٹ فارم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
اس کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اورڈیجیٹل آرٹ کے شعبوں میں فنون لطیفہ اور منفرد تخلیقات کی سرپرستی کی جائے گی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق الدرعیہ ویلی دس ہزار مربع میٹر کے رقبے پر البجیری تاریخی محلے سے متصل الدرعیہ کے مرکز میں واقع ہے۔
آرٹ ویلی میں چھ سٹوڈیو بنائے جائیں گے۔ آرٹسٹوں کے لیے سہولتیں مہیا ہوں گی۔ نئے فنکاروں کے لیے نئے وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ آرٹ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلیم اور تربیت کے لیے کلاس روم اور ورکشاپ ہال موجود ہوں گے۔ آرٹ لائبریری بھی ہوگی۔ یہ سب مل کر مکمل منفرد پلیٹ فارم تشکیل دیں گے۔
الدرعیہ آر ٹ ویلی کو معروف اطالوی انجینیئر نے ڈیزائن کیا ہے اور یہ دنیا میں ڈیجیٹل آرٹ کا پہلا سینٹر ہوگا۔ یہ فیوچر آرٹ کے سلسلے میں جدت طرازی، نئے پن اور ریسرچ کے لیے درکار ٹیکنالوجی کے جملہ امکانات پر مشتمل ہوں گی۔
الدرعیہ آرٹ ویلی چار تعلیمی پروگرام متعارف کرائے گی۔عوام کو شریک کرنے کے لیے متعدد پروگرام اور نمائشیں ہوں گی۔