اجتماعی لڑائی کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کیاگیا(فوٹو، ٹوئٹر)
محکمہ امن عامہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مملکت کے مختلف شہروں میں جرائم میں ملوث متعدد مقامی اور غیرملکیوں کو گرفتار کیا گیا۔
ویب نیوز ’سبق ‘ نے محکمہ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری وڈیو پیغام کے حوالے سے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے پانچ مصریوں کو غیر قانونی طریقے سے خطیر رقم مملکت سے اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔
ملزمان بیگوں میں رقم چھپا کر بیرون ملک لے جارہے تھے ۔ ملزمان نے رقم کے بارے میں کسٹم حکام کو مطلع بھی نہیں کیا تھا اور نہ ہی رقم کا ذریعہ بتایا تھا۔
ہولیس اہلکار کے گاڑی کو ٹکرمارکرفرار ہونے کے الزام میں سعودی کو حراست میں لیاگیا(فوٹو، ٹوئٹر)
واضح رہے قانون کے مطابق اگر کوئی شخص 60 ہزار ریال سے زائد رقم اپنے ہمراہ لے جاتا ہے تو اسے رقم کے بارے میں فارم بھرنا ہوتا ہے جس میں رقم حاصل کرنے کے ذریعے کی نشاندہی کرنا لازمی ہے۔
دوسرے کیس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے 15افراد جن میں 13 سعودی ، ایک یمنی اور ایک سوڈانی شامل تھا کو چوری ڈکیتی اور لوٹ مارکے الزام میں گرفتار کیاجبکہ 2 سعودیوں کو آتشی اسلحہ رکھنے اوررہائشی علاقے میں ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔
مختلف علاقوں میں نصب ٹریفک خلاف ورزی کو ریکارڈ کرنے والے کیمروں کو تلف کرنے کے الزام میں 3 سعودیوں کو گرفتار کیا گیا۔
چوری ، لوٹ مار اور گاڑیوں سے قیمتی اشیا نکالنے کے جرم میں 4 افراد جن میں سعودی اور غیر ملکی شامل تھےکو گرفتار کیا گیا۔
محکمہ امن عامہ کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے پولیس اہلکار کی گاڑی کو ٹکرمارکرفرارہونے کے الزام میں ایک سعودی کو حراست میں لیا۔
ایک سعودی کو اسلحہ کے زور پر لوگوں کو لوٹنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا مذکورہ ملزم نے ایک ہوم ڈلیوری کرنے والے شخص کو بھی لوٹا تھا۔
متعدد افراد کو اجتماعی لڑائی کے جرم میں حراست میں لے کرانکے خلاف اجتماعی لڑائی کا مقدمہ درج کیا گیا۔