ملزمان کومحکمہ انسداد منشیات کے سپرد کردیا(فوٹو، ٹوئٹر)
بلدیہ کی تفتیشی ٹیم نے مکہ مکرمہ کے نواحی علاقے میں شراب کشید کرنے والی بھٹی پر چھاپہ مار کر ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق مکہ مکرمہ کے علاقے الشرائع کی بلدیہ کے نگران انجینئر محمد العصیمی نے بتایا کہ بلدیہ کی تفتیشی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ الراشدیہ محلے کے ایک فارم ہاؤس میں رہنے والے غیر ملکی جن کا تعلق عرب ملک سے ہے نے فارم ہاؤس میں خفیہ طورپر شراب کشید کرنے کی بھٹی قائم کی ہوئی ہے۔
بھٹی کے بارے میں اطلاع ملتے ہی بلدیہ کی ٹاسک فورس کو علاقے کی نشاندہی کرتے ہوئے نگرانی کا حکم دیا گیا تاکہ ٹھوس رپورٹ کی بنیاد پرکارروائی کی جا سکے۔
نگرانی پر مامورٹیم کی جانب سے رپورٹ ملنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے تعاون سے فارم ہاوس کو گھیر کر وہاں موجود افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کا تعلق عرب ملک سے ہے جو غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھے۔
بلدیہ کے نگران نے مزید بتایا کہ فارم ہاوس جسے عارضی طور پر شراب کشید کرنے والی بھٹی میں تبدیل کیا گیا تھا سے 4 ہزار 380 لیٹر تیار شراب ، 20 ڈرم جس میں شراب کشید کی جاتی تھی کے علاوہ شراب بنانے کےلیے استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد ہوئے۔
فارم ہاوس میں قائم بھٹی کوتباہ کرکے تمام ضبط کی جانے والی تمام شراب تلف کردی گئی جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ دائر کرکے انہیں محکمہ انسداد منشیات کے سپرد کردیا گیا۔