Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ: بینک اکاونٹ فراڈ میں ملوث 7 رکنی ایشیائی گروہ گرفتار

شارجہ پولیس ٹیم بینک اکاونٹ اپ ڈیٹ فراڈ میں ملوث 7 رکنی ایشیائی گروہ کوانتہائی مختصر وقت میں گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
ملزمان نے واردات کے بعد گرفتاری سے بچنے کےلیے زیر استعمال موبائل سم بھی تلف کردی تھی تاہم پولیس ٹیم ان تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
’امارات ٹوڈے‘ کے مطابق شارجہ میں مشرقی ریجن کے پولیس ڈائریکٹر کرنل علی الکی الحمودی نے بتایا کہ پولیس کو ایک خاتون کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ملزمان نے اسے ٹیلی فون کر کے خود کو بینک اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اکاونٹ اپ ڈیٹ کرنے کےلیے تفصیلات طلب کیں جس کے بعد اس کے اکاونٹ سے 32 ہمار درھم نکال لیے گئے۔

ملزمان نے ثبوت مٹانے کےلیے موبائل سم بھی تلف کردی تھی(فوٹو، ٹوئٹر)

کرنل الحمودی کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ درج کیے جانے کے بعد کیس کو فوری طور پر محکمہ خفیہ کی ٹیم کے سپرد کیا گیا تاکہ وہ جلد از جلد ملزمان کا سراغ لگا سکیں۔
خفیہ اہلکاروں نے انتہائی مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے گروہ کو 12 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان اس قدر ماہر تھے کہ انہوں واردات کے فوری بعد تمام ثبوت مٹاتے ہوئے وہ موبائل سم بھی تلف کردی تھی جس کے ذریعے انہوں نے خاتون سے رابطہ کر کے ان سے اکاونٹ کی تفصیلات حاصل کی تھیں۔
ملزمان کی جانب سے اگرچہ اپنے طور پر مہارت کا ثبوت دیاگیا تھا مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کو چکمہ نہ دے سکے۔
خفیہ اہلکاروں نے گروہ کے ایک رکن کو گرفتار کرلیا جسکے ذریعے دیگر افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اس قسم کی کالز کا قطعی طور پر جواب نہ دیا جائے جس میں بینک اکاونٹ اپ ڈیٹ کرنے کے بارے میں کہا جاتا ہے کیونکہ اکاونٹ اپ ڈیٹ صرف بینک کی برانچ سے ہی کیاجاتا ہےاور کوئی بھی بینک ٹیلی فون پر اکاونٹ اپ ڈیٹ نہیں کرتا۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ تھانے کے سپرد کردیا گیا جہاں ان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے بینک اکاونٹ اپ ڈیٹ فراڈ سے اب تک دسیوں لوگ متاثر ہو چکے ہیں اس کے باوجود کہ بینکوں کی جانب سے مسلسل اس بارے میں لوگوں کو متنبہ کیا جاتا ہے ۔

شیئر: