بحرینی وزیر خارجہ کی مائیک پومپیو سے بات چیت، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال
بحرینی وزیر خارجہ کی مائیک پومپیو سے بات چیت، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال
منگل 1 دسمبر 2020 18:43
بات چیت میں دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور تجارت پر توجہ دی گئی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے منگل کو خلیجی سلامتی کو اہمیت دینے پر امریکی شراکت کی تعریف کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ نے امریکہ اور بحرین میں سٹریٹجک ڈائیلاگ کے آغاز کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ورچوئل میٹنگ میں دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور معاشی ترقی اور تجارت پر بات چیت کی گئی۔
امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو اس ورچوئل میٹنگ کی میزبانی کر رہے تھے انہوں نے کہا ہے کہ واشنگٹن دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے بحرین کے ساتھ تعاون کا خواہشمند ہے۔
مائیک پومپیو نے اس موقع پر کہا کہ ایران پر لگائی گئی اقتصادی پابندیوں کے باعث دہشت گرد گروپوں کی مالی اعانت کرنے سے ایران محروم ہو گیا ہے۔
ورچوئل بات چیت کے دوران بحرینی وزیر خارجہ عبد اللطیف بن راشد نے عالمی برادری سے ایران پر دباؤ جاری رکھنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
بحرینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم تہران کو خطے کے ممالک کے لیے سیکیورٹی چیلنج کے طور پر دیکھتے ہیں۔
بحرین کے وزیر نے مزید کہا کہ علاقائی ریاستوں کے بارے میں ایران کے ارادے اچھے نہیں ہیں۔