پرمٹ کے اجرا کے لیے کسی شخص یا ادارے کو اختیار حاصل نہیں(فوٹو، ایس پی اے)
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ اور زیارت مسجد نبوی الشریف کے لیے فرضی پرمٹ دلانے والوں سے ہوشیار رہا جائے۔
وزارت حج و عمرہ نے شہریوں اورغیرملکیوں کو متنبہ کیا ہے کہ عمرہ پرمٹ کا اجرا صرف مخصوص ایپ ’اعتمرنا‘ سے ہی کیاجاتا ہے۔ اس حوالے سے کسی ادارے یا افراد کو یہ پرمٹ جاری کرنے کا اختیارحاصل نہیں۔
ویب نیوز’سبق‘ نے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر ملکی عمرہ کی ادائیگی یا مسجد نبوی الشریف میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت یا مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کے لیے وزارت کی ایپ سے خود پرمٹ حاصل کریں۔
اس ضمن میں ایسے کسی فرد یا ادارے سے رجوع نہ کریں جو عمرہ پرمٹ دلانے کے دعویدار ہو۔
واضح رہے کورونا وائرس کے سبب احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مارچ کے آخری ہفتے سے عمرہ پر عارضی پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم کورونا وائرس کی وبا پر کافی حد تک قابو پانے کے بعد عمرہ کی ادائیگی احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری کی جاچکی ہے ۔
عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز باجماعت کی ادائیگی کےلیے وزارت کی جانب سے ایس او پیز پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کےلیے پرمٹ کا قانون بنایا تاکہ عمرہ زائرین کی تعداد کو محدود رکھتے ہوئے عمرہ کو منظم کیاجائے۔
وزارت حج وعمرہ کی جانب سے پرمٹ حاصل کرنے کےلیے ’اعتمرنا‘ ایپ لانچ کی گئی ہے جس کے ذریعے کوئی بھی شخص عمرہ پرمٹ حاصل کرسکتا ہے جس کی کوئی فیس نہیں ہوتی ۔
عمرہ پرمٹ کے بارے میں بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ ایسی عمرہ کمپنیاں ہیں جو پرمٹ جاری کرنے کی مجاز ہیں ۔
اس بارے میں وزارت حج وعمرہ نے واضح طور پر کہا کہ کوئی بھی شخص یا ادارہ عمرہ پرمٹ جاری کرنے کا مجاز نہیں پرمٹ براہ راست ’اعتمرنا‘ ایپ سے جاری کرایا جائے۔
واضح رہے وزارت کی جانب سے ’اعتمرنا‘ ایپ پر جاری ہونے والے پرمٹ میں نام ،اقامہ نمبر اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے دن ، تاریخ اور وقت مقرر کیاجاتا ہے, پرمٹ کی تمام کارروائی کمپیوٹرائز ہے جو خود کار طریقے سے مکمل ہوتی ہے۔