گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران 16 لاکھ افرادکو ڈیجیٹل پرمٹ جاری کیے گئے(فوٹو، واس )
ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ ڈھائی ماہ میں 6 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد نے عمرہ ادا کیا ہے جبکہ 16 لاکھ نے حرم مکی میں باجماعت نمازیں ادا کیں۔
واضح رہے مارچ کے آخری ہفتے سے مملکت میں کورونا کے برھتے ہوئے کیسز کی وجہ سےاحتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے عمرہ کی ادائیگی اور نماز باجماعت پر عارضی طور پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
پابندی کا مقصد لوگوں کو اس مہلک مرض سے محفوظ رکھنا تھا۔ کورونا وائرس کی انسانوں میں تیزی سے منتقلی کو روکنا اور اس مرض کے سد باب کے لیے وزارت صحت کی جانب جاری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کیا گیا تھا۔
ویب نیوز ’اخبار 24 ‘ نے ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے حوالے سے کہا ہے کہ عمرہ کی ادائیگی پر عارضی پابندی تین مراحل میں اٹھائی گئی تھی ۔ پہلے مرحلے کا آغاز چار اکتوبر سے کیا گیا تھا۔
پہلے مرحلے میں یومیہ 6 ہزار افراد کو عمرہ ادا کرنے کے لیے خصوصی ڈیجیٹل پرمٹ جاری کیے جاتے تھے۔ اس مرحلے میں مملکت میں مقیمین اور مقام افراد نے عمرہ ادا کیا جن کی تعداد 84 ہزار رہی۔
دوسرا مرحلہ جس کا آغاز اٹھارہ اکتوبر سے ہوا اس دوران دو لاکھ 10 ہزار افراد نے عمرہ ادا کیا۔
تیسرا مرحلہ یکم نومبر سے شروع ہوا اس مرحلے میں بیرون مملکت سے بھی معتمرین کو تجرباتی بنیادوں پر انتہائی محدود تعداد میں مملکت لایا گیا۔
تیسرے مرحلے میں عمرہ ادا کرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد تھی جن میں بیرون مملکت سے آنے والے بھی شامل تھے۔
ادارہ امور حرمین کا کہنا تھا کہ حرم مکی الشریف میں نمازباجماعت کی ادائیگی کےلیے بھی عارضی بنیادوں پر خصوصی ڈیجیٹل پرمٹ جاری کیا جاتا ہے ۔
جاری کیے جانے والے ڈیجیٹل پرمٹ کے ادارے سے حاصل ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ عرصے میں 16 لاکھ افراد نے مسجد الحرام میں باجماعت نمازوں کی سعادت حاصل کی۔
واضح رہے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر عمرہ اور مسجد الحرم میں عارضی طور پر جانے کےلیے پابندی عائد کی گئی ہے اس حوالے سے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کورونا وائرس پر عالمی سطح پر قابو پالیا جائے گا اور حالات حسب سابق معمول کے مطابق آجائیں گے عمرہ پر پابندی مکمل طور پر اٹھا لی جائے گی۔