بچے کے معدے میں پھنسی ’بیٹری‘ نکال لی گئی
بچوں والے گھروں میں چھوٹی چیزیں احتیاط سے رکھیں(فوٹو، ٹوئٹر)
بیشہ جنرل ہسپتال میں 2 سالہ بچے کے معدے کی نالی میں پھنسی بیٹری (سیل) کو آپریشن کے بعد نکال لیاگیا۔
بچے نے بیٹری نگل لی تھی جس کا انکشاف طبی معائنہ کرنے پرہوا۔ معدے کی نالی میں پھنسی بیٹری کی وجہ سے خوراک نگلنے میں شدید دشواری کا سامنا تھا۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے بیشہ جنرل ہسپتال کے شعبہ اطلاعات کے حوالے سے کہا ہے کہ 2 سالہ بچے کو اس کے والدین ایمرجنسی وارڈ میں لائے, بچے کو کھانے پینے میں انتہائی دشواری کا سامنا تھا ۔
والدین کا کہنا تھا کہ بچہ جو کچھ کھاتا پیتا تھا فوری طور پر ’قے‘ کردیتا اس سے پانی بھی نہیں پیا جارہا تھا۔
بچے کی یہ حالت دیکھ کر اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بچے کا ایکسرے کیا تو معلوم ہوا کہ اس کے معدے کی نالی میں غیرمعمولی ٹھوس چیز پھنسی ہوئی ہے۔
ہسپتال میں شعبہ ’ای این ٹی ‘ کے ماہرین کو طلب کیا گیا جنہوں نے ایکسرے اورالٹرا ساونڈ کی رپورٹ دیکھ کر فوری طور پر آپریشن کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹروں نے بچے کو مکمل بے ہوش کرکے ’اینڈواسکوبی ‘ کے ذریعے معدے کی نالی میں پھنسی بیٹری کو نکال لیا۔
اس ضمن میں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ آپریشن کے بعد بچے کی حالت بہتر ہونے تک اسے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا حالت بہتر ہونے پر مکمل اطمینا ن کے بعد ڈسچارج کردیاگیا۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اکثر والدین گھر میں چھوٹی اشیا بے خیالی میں پھینک دیتے ہیں جو بچوں والے گھروں کےلیے بڑی خطرناک ہوتی ہیں