مدینہ میں بارش، مشرقی ریجن میں دھند
’مدینہ شہر کے علاوہ الحناکیہ، المہد اور خیبر میں شام 7 بجے تک بارش متوقع ہے‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج منگل کو مدینہ، تبوک اور مشرقی ریجن میں دھند ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مدینہ شہر کے علاوہ الحناکیہ، المہد، خیبر اور وادی فرع میں شام 7 بجے تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے‘۔
’بدر اور ینبع میں بھی شام 5 بجے تک مطلع ابر آلود رہے گا جس کے باعث درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
دوسری طرف مشرقی ریجن میں الاحسا، الجبیل، دمام اور الخبر سمیت القطیف میں شام کے وقت دھند رہے گی۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی ، ہائی وے کا سفر کرتے ہوئے محتاط رہیں‘۔
ادھر محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’بارش کا حالیہ موسم جمعرات تک رہے گا جس میں مکہ، مدینہ، تبوک، حائل، الجوف، شمالی حدود اور مشرقی ریجن میں مختلف درجوں کی بارش ہوگی‘۔
’غیر یقینی موسم میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور بارش کے وقت وادیوں اور پُر خطر مقامات سے دور رہیں‘۔