Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: غیر قانونی طریقے سے رقم بیرون ملک بھیجنے والا گروہ گرفتار

گرفتار ہونے والوں سے 44 ہزار 845 ریال برآمد ہوئے۔ فوٹو: سعودی ایکسپیٹیریٹ
ریاض میں پولیس نے غیر قانونی طریقے سے رقم بیرون ملک بھیجنے کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے ریجنل پولیس ترجمان میجر خالد الکریدیس کے حوالے سے کہا کہ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے چھ بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 44 ہزار 845 ریال برآمد کر لیے جو وہ غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے کی کوشش کررہے تھے۔ 
ملزمان نے رقوم کی منتقلی کے لیے ایک شہری کے نام سے اکاؤنٹ کھولا ہوا تھا جسے آپریٹ کرنے کا تمام اختیار ان کے ہی پاس تھا۔ 
میجر الکریدیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان نے ریاض شہر کے جنوبی علاقے میں ایک سٹیشنری کی دکان کواپنا اڈا بنایا ہوا تھا جہاں وہ رقم جمع کیا کرتے تھے۔ 
ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزمان اس رقم کے بارے میں کسی قسم کی وضاحت پیش نہیں کرسکے جو ان کے پاس سے برآمد ہوئی تھی۔ 
گرفتار ہونے والے ملزمان غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھے۔ پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے انہیں پراسیکیوشن کے ادارے کے سپرد کردیا ہے جس کے بعد ان کا مقدمہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ 
میجرالکریدیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کی عمریں 30 اور 40 برس کے درمیان ہیں۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: