Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی سی بی کے پاس بہانوں کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا‘

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 176 رنز اور ایک اننگز سے شکست دینے کے بعد ٹیسٹ سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا اختتام پاکستان کی ایک اور شکست کے ساتھ ہوا۔
کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 176 رنز اور ایک اننگز سے شکست دینے کے بعد ٹیسٹ سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔
اس جیت کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں نمبر ون پر آگئی ہے۔ پاکستان کی اس شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ شائیقین نے اپنی مایوسی اورغصہ کا اظہار مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔
صارفین نے جہاں پاکستانی کرکٹرز کی کارگردگی کو مایوس کن کہا وہیں ہیڈ کوچ مصباح الحق کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
 

ٹوئٹر صارفین نے وقار یونس اور مصباح الحقکے بارے میں لکھا کہ ’شکریہ ہماری کرکٹ برباد کرنے کے لیے۔‘ جبکہ کچھ صارفین کا ماننا تھا کہ ’ایک اننگز کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس بہانوں کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا۔‘

کچھ صارفین اس سیریز میں ہونے والے کچھ مثبت پہلوؤں پرروشنی ڈالتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔
ٹوئٹر صارف خیام نے کرکٹر محمد رضوان کی پرفارمنس کا ریکارڈ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’محمد رضوان دن بدن ایک بہترین کرکٹر بنتے جا رہے ہیں انہوں نے اتنے پریشر کے باوجود دنیا کی بہترین باؤلنگ لائن کے خلاف رنز بنائے جو قابل تعریف ہے۔‘

کرکٹ شائقین پاکستان کی اس پرفارمنس سے انتہائی ناخوش دکھائی دیے اور لکھا کہ ’یہ ہمارے ساتھ مذاق ہورہا ہے، ریسٹ ان پیس پاکستانی کرکٹ، پاکستان کرکٹ ٹیم نے کبھی اتنا برا پرفارم نہیں کیا جتنا نیوزی لینڈ کے خلاف کیا ہے۔‘

ٹوئٹر صارف شاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ ’ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ایشئین ٹیمز کے لیے ہمیشہ سخت مقابلہ رہا ہے۔ پچھلے برس انڈین ٹیم بھی بری طرح ہاری تھی لیکن اس پوری سیریز میں ہماری باؤلنگ اور فیلڈنگ سب سے خراب رہی۔‘

سوشل میڈیا صارفین پاکستان کی اس شکست کا ذمہ دار پی سی بی کی ناکام مینیجمنٹ کو ٹھہرا رہے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب صارفین کیوی ٹیم کی پرفارمنس کو بھی سراہ رہے ہیں۔

شیئر: